اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):نیسلے پاکستان اپنے کاربن اخراج کو کم کرکے 2050تک زیرو پر لانے کی اپنی کوششوں کو معاونت دینے کیلئے رواں سال اپنے آپریشنل ایریازکے ارد گرد 100,000پودے لگائے گا۔اس مہم کو شروع کرنے کیلئے نیسلے نے ملازمین کے رضاکارپروگرام ’نیسلے کیئر‘ کے تحت پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کو 5ہزار پودے عطیہ کئے ہیں جو لاہور میں جیلانی پارک میں لگا ئے جائیں گے۔
بدھ کو یہاں جاری بیان کے مطابق اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر نیسلے پاکستان جیسن اوینسینا نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ نیسلے کیئر پروگرام کے تحت ہمارا مقصد رضاکارانہ سرگرمیوں میں ملازمین کو شامل کرکے رویوں میں تبدیلی لانے کے عمل میں تیزی لانا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم مشترکہ اقدار کی تخلیق کے ذریعے ہمارے ویلیو چین میں مثبت تبدیلی لانے کا محرک بننےکے لیے پرعزم ہیں۔درخت لگانا قدرتی وسائل کے تحفظ، تجدید اور بحالی کے طریقوں میں سے ایک طریقہ ہے، ہم کمیونٹیز کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ہمارے مقصد کے حصول اور اقدار کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی طاہر وٹونے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے تناظر میں ایک سرسبز پاکستان کیلئے کوششیں کرنا ہر شہری کی قومی ذمہ داری ہے۔میں نیسلے پاکستان اور ان کے ملازمین کا اس فراخدلانہ عطیہ اور اپنا شہری فرض اداکرنے پر شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔نیسلے پاکستان مختلف سیٹک ہولڈرز اور پارٹنرز کے ساتھ پورے سال اپنے آپریشنل ایریاز کے اردگرد شجرکاری مہم جاری رکھے گا۔یہ پروگرام کلائمیٹ ایکشن اور زمین پر زندگی کے حوالے سے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف 13 (SDGs) اور14کے مطابق ہے۔