پاکستان کا بھارت میں مسلمانوں کے خلاف فرقہ وارانہ تشدد اور نفرت میں خطرناک حد تک اضافے پر گہری تشویش کا اظہار

128
foreign Ministry
foreign Ministry

اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):پاکستان نے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف فرقہ وارانہ تشدد اور نفرت میں خطرناک حد تک اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمانوں کو ان کے عقیدے کی وجہ سے ایک منظم طریقے سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ ہم بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اقلیتوں کی حفاظت، سلامتی اور بہبود کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے اور انہیں امن سے اپنے عقیدے پر چلنے اور اس پر عمل کرنے کی اجازت دے۔

ترجمان نے اس تناظر میں بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹک میں بی جے پی لیڈر اور نائب وزیر اعلیٰ کے ایس ایشورپا کے حالیہ ریمارکس کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریمارکس بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کا ایک اور مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دنیا بھر میں نسل پرستی، زینو فوبیا اور اسلامو فوبیا سے تشدد میں اضافے پر گہری تشویش ہے، جس کے نتیجے میں مسلمانوں کی منفی پروفائلنگ اور بدنامی، اسلامی علامتوں اور مقدس مقامات کی توڑ پھوڑ، امتیازی قوانین اور پالیسیوں، حجاب پر پابندی، اور مساجد پر حملے ہورہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ہمیں یورپ میں قرآن پاک جلانے سمیت مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے نفرت انگیز جرائم پر بھی تشویش ہے۔ ترجمان نے امن اور رواداری کے کلچر کو فروغ دینے اور اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے بیداری پیدا کرنے کی خاطر عالمی مکالمے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ بھارتی فورسز نے گزشتہ ہفتے مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں نام نہاد گھیرائو اور تلاشی کے کارروائیوں دو کشمیری نوجوانوں خورشید احمد خان اور ریاض احمد خان کو گرفتار کیا۔

انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما محمد اقبال میر، مذہبی رہنما قاضی یاسر اور جیل میں نظر بند جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں اور ان کی قیادت کو ڈرانے اور ہراساں کرنے کا یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا۔

ترجمان نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔