زراعت میں انقلاب کے لیے نئی ٹیکنالوجی کواپناناہوگا، وفاقی وزیر احسن اقبال

70
Federal Minister for Planning Professor Ahsan Iqbal

نارووال۔17مارچ (اے پی پی):جشن بہاراں فیسٹیول 2023کےتحت نارووال پبلک سکول میں محکمہ زراعت(توسیع) کے زیراہتمام دھان کی کاشت کے جدید طریقہ ہائے کار،سٹوریج کی ماڈرن تکنیکس اور ایکسپورٹ کے حوالے سے رائس سیمینارکاانعقاد ہوا۔وفاقی وزیرمنصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے سیمینارمیں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنرمحمداشرف،ڈائریکٹرزراعت(توسیع)جاویداقبال،ڈی ڈی زراعت تنویراحمدتتلہ،اے ڈی زراعت احسان الحق پنوں،سابق ڈی ڈی چوہدری محمدعارف،عبدالرزاق کے علاوہ سابق ممبرزپنجاب اسمبلی خواجہ محمدوسیم بٹ،بلال اکبر،رانامنان سمیت ایکسپورٹرز،کمپنی ڈیلرز،مختلف محکموں کے افسران اورکاشتکاران کی کثیرتعدادنے سیمینارمیں شرکت کی۔

سیمینارسےخطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرمنصوبہ بندی وترقی چوہدری احسن اقبال نے کہاکہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور کسی بھی ملک کی ترقی وخوشحالی کادارومدارشعبہ زراعت پرہے،زراعت کے شعبےکومضبوط بنانے میں کاشتکاروں کے کردارکوفراموش نہیں کیاجاسکتا۔انہوں نے کہاکہ شعبہ زراعت ملک کے تمام خسارے پورے کرسکتاہے،بہت جلدزراعت کواپنے پیروں پرکھڑاکریں گے تاکہ ایکسپورٹ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ کمایاجاسکے ۔انہوں نے کہاکہ بہت جلدہم زراعت میں خودکفیل ہوں گےاس کے لیے حکومت اہم و ٹھوس اقدامات کررہی ہے ، اگرہم زراعت پرتوجہ دیں توپاکستان کی زمین سونااگل سکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ سائنس اورٹیکنالوجی سے زراعت کوبڑھاناہوگاتاکہ زراعت میں انقلاب آسکے اس کے لیے نئی ٹیکنالوجی کواپناناہوگا۔وفاقی وزیرمنصوبہ بندی کاکہنا تھا کہ پاکستان کواس وقت اتحاداوریکجہتی کی سخت ضرورت ہے تاکہ ملک میں استحکام کے ساتھ ملکی پیداوارمیں اضافہ ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت بچوں کوجدیدعلوم سے روشناس کرانے کی اشد ضرورت ہے لہذاآج ہمیں یہ عہدکرناہوگاکہ ملک میں بڑھتے ہوئے معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے ہم سب کو ایک ساتھ کھڑاہوناہوگا۔انہوں نے کہاکہ نارووال کاباسمتی چاول پورے ملک کی پہچان بن چکاہے، اس کو پوری دنیامیں بہترین ایکسپورٹ کرکےزرمبادلہ حاصل کیاجاسکتا۔

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی وترقی نے ضلع نارووال میں جشن بہاراں فیسٹیول کے شاندارانعقاد پر ڈپٹی کمشنرمحمداشرف کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ مجھے دلی خوشی ہوئی ہے کہ جشن بہاراں کاآغاززراعت سیمینارسے کیاگیاہے۔بعدازاں انہوں نے شعبہ زراعت کی طرف سے لگائے جانے والے اسٹالز کابھی معائنہ کیا۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنرچودھری محمداشرف نے سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرمنصوبہ بندی وترقی احسن اقبال کو ضلع نارووال میں زراعت کے حوالے سے کیے جانے والے منصوبہ جات کے بارے تفصیل سے آگاہ کیا۔