عدلیہ کی بحالی میں وکلاء برادری نے اہم کردار ادا کیا۔صدر عارف علوی

261

کراچی۔20مارچ (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عدلیہ کی بحالی میں وکلاء برادری نے اہم کردار ادا کیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو گورنر ہاؤس سندھ میں قانون کی حکمرانی کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک میں جمہوریت کی بقاء کے لیے درکار قربانیوں سے گریز نہیں کرنا چاہیے۔

صدر مملکت نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کے نفاذ کے لیے مشاورت ضروری ہے لیکن مشاورت کے عمل میں غیر اہم عوامل رکاوٹ ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک میں جمہوریت کی بقا کو یقینی بنانے کے لیے تشدد اور تصادم سے گریز کریں۔صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ وکلاء کا جمہوری عمل کے تسلسل اور قانون کی حکمرانی کو اس کی روح کے ساتھ نافذ کرنے کے لیے بہت اہم کردار ادا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جمہوری عمل سے قائم ہوا اور اس کی ترقی جمہوریت کے تسلسل سے ہی ممکن ہے۔اس موقع پر صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عابد شاہد زبیری، ممبر سندھ بار کونسل نعیم قریشی اور ایڈووکیٹ ریاض آفندی نے بھی خطاب کیا۔