معیشت کو سود سے پاک کرنے کے سلسلے میں ٹرانسفارمیشن پلان حتمی مرحلے میں ہے،وزیر مملکت برائے خزانہ کا قومی اسمبلی میں جواب

114

اسلام آباد۔27مارچ (اے پی پی): وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت معیشت کو سود سے پاک کرنے کےلئے پرعزم ہے، اس سلسلے میں ٹرانسفارمیشن پلان تیاری کے حتمی مرحلے میں ہے۔ پیرکو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات میں آسیہ عظیم کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ ایف بی آر کے ریکارڈ کے مطابق اس وقت ملک میں 3161غیرملکی کمپنیاں موجود ہیں جن میں 2021 میں 307 ارب اور 2022 میں 340 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی۔ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے علاج معالجہ کےلئے مرکز اور صوبے کردار ادا کررہے تھے۔ اس کا بجٹ بہت زیادہ بڑھ گیا تھا ہم اس کی ری ڈیزائننگ کررہے ہیں تاکہ صرف مستحق لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولت مل سکے۔ ایک اور ضمنی سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ ٹیکسوں میں استثنا ٹرن اوورکی بنیاد پر دیا جاتا ہے۔ عالیہ کامران کے سوال کے جواب میں ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا نے کہا کہ حکومت سود سے پاک معیشت کےلئے پرعزم ہے۔ عدالت کے فیصلے کے مطابق پانچ سالوں میں ہم نے معیشت کو سود سے پاک کرنا ہے۔ اس حوالے سے کمیٹی قائم کرکے ٹرانسفارمیشن پلان بنایاجارہا ہے۔ مولانا عبدالاکبرچترالی کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے خزانہ نے کہا کہ اس کمیٹی میں سٹیٹ بینک، وزارت خزانہ ، علما کرام اور باقی تجارتی بینکوں کے نمائندے ہیں،ہم معیشت کو سود ےسے پاک بنانے کےلئے بھرپور اندازمیں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک نے شرح سود میں اقتصادی صورتحال کو مدنظر رکھ کر بڑھایا ہے۔ اس معاملے میں حکومت کا کردار نہیں ہوتا۔\932