الیکشن سے بھاگ نہیں رہے ،الگ الگ الیکشن ہوتو ہیجانی کیفیت بنتی ہے ،شیری رحمان

134

اسلام آباد۔3اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ الیکشن سے بھاگ نہیں رہے ، واضح پوزیشن لی گئی ہے کہ (صوبوں میں )الگ الگ انتخابات ہوں تو ہیجانی کیفیت بنتی ہے ، لیکن اب صورتحال متنازعہ ہوتی جارہی ہے، تین فریقوں نے عدم اعتماد کر دیا ہے ، اس کیس میں ہمیں فریق نہیں بننے دیا گیا صرف ایک پارٹی کوفریق بنایا گیا ۔

وہ پیر کو سپریم کوٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں۔ وفاقی وزیر شیری رحمن نے کہا کہ اقلیتی بنچ اب اکثریت میں تبدیل ہو کر فیصلے کر رہا ہے ،جن چار ججز نے اتفاق نہیں کیا وہ الگ ہو گئے ہیں ، صورتحال متنازعہ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کام صاف اور شفاف الیکشن کرانا ہے لیکن اس پر ازخود نوٹس ہوگیا ہے ، کوئی نہیں چاہتا کہ جمہوریت اور آئین کے حوالے سے عدالتیں متنازعہ ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی کارورائیوں کا حصہ نہیں ہوں گے تو سنیں گے کیسے ، اس معاملے میں صرف ایک پارٹی کو فریق بنا یا گیا ، بار بار سیاسی جماعتوں کی طرف سے فریق بننے کی درخواست کی گئی لیکن وہ منظور نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتیں ہر مرحلے پر مشاورت کرتی ہیں ۔ وفاقی وزیر شیری رحمن نے کہا کہ الیکشن سے بھاگ نہیں رہے ، واضح پوزیشن لی گئی ہے کہ الگ الگ الیکشن ہوتو ہیجانی کیفیت بنتی ہے ۔