این50 کے لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ حصے کو ٹریفک کے لئے بحال کر دیا گیا ہے ،نیشنل ہائی وے اتھارٹی

77
NHA
NHA

اسلام آباد۔3اپریل (اے پی پی):نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے این50 کے لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ حصے کو 12 گھنٹے کی دن رات کوششوں کے بعد ٹریفک کے لئے کھول دیا ہے۔ترجمان این ایچ اے کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق این ایچ اے نے شاندار کارنامہ انجام دیتے ہوئے لینڈ سلائیڈنگ سے بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے دشوار گزار راستوں کو 12 گھنٹوں کی دن رات کی محنت و مشقت کے بعد ہنگامی بنیادوں پر ٹریفک کیلئے کھول دیا ہے۔

ترجمان کے مطابق بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے ملحقہ علاقہ داناسرکے مقام پر حالیہ شدید بارشوں سے ہونے والی لینڈسلائیڈنگ کے باعث اہم شاہراہ شدید متاثر ہوئی اور تمام تر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی جس پروفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے این ایچ اے کے متعلقہ حکام کو فوری ہدایات جاری کیں کہ متاثرہ روڈ کو ہنگامی بنیادوں پر ٹریفک کیلئے بحال کیا جائے۔ وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد خرم آغا نے این ایچ اے کے فیلڈ سٹاف کو فوری طور پر متحرک کیاجس کی نگرانی این ایچ اے کے ممبر ویسٹ زون شاہد احسان اللہ نے کی اور ہمہ وقت تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کرنے کیلئے وفاقی وزیر مواصلات اور وفاقی سیکرٹری کے ساتھ رابطہ میں رہے۔

بحالی کے ان کاموں میں این ایچ اے کے جنرل منیجر بلوچستان نارتھ آغا عنایت،ڈائریکٹر راحیل احمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر مینٹی نینس ژوب یونٹ بھی انتہائی جانفشانی سے خدمات انجام دیتے رہےچنانچہ دانا سر جیسے دشوار گزار اور دورافتادہ علاقہ کی متاثرہ قومی شاہراہ کو صرف 12 گھنٹے کے اندرچھوٹی ٹریفک کیلئے اور 24گھنٹے کے اندر تمام ٹریفک کی آمدورفت کو بحال کردیا گیا۔ پہاڑی تودے ہٹانے کا یہ کام انتہائی مشکل تھا جس کی وجہ سے شاہراہ کی بحالی میں کئی دن لگ سکتے تھے تاہم این ایچ اے انجینئرز و دیگر متعلقہ عملہ نے رمضان المبارک کے روزے رکھتے ہوئے اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری مواصلات اور این ایچ اے کے متعلقہ افسران و عملہ کی ان کاوشوں کو بے حد سراہا ہے۔