کراچی ۔3اپریل (اے پی پی):سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور 1973 کا آئین شہید قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کی امانت ہیں، ہم پاکستان کی سلامتی اور آئین کی خاطر کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریں گے۔میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کےمطابق ان خیالات کا اظہار انہوں پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے یوم شہادت پراپنے پیغام میں کیا ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کو دی جانے والی پھانسی کو تاریخ عدالتی قتل قرار دے چکی ہے،تاہم اس حوالے سے سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس گزشتہ 10 سال سے سماعت کا منتظر ہے افسوس ناک امر یہ ہے 10 سال گزرنے کے باوجود سپریم کورٹ نےابھی تک اپنی رائے نہیں دی۔ سابق صدر نے کہا قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کا جسمانی طور پر قتل گیا گیا مگر وہ آج بھی کروڑوں انسانوں کی دلوں میں زندہ ہیں مگر ان کے قاتل تاریخ کے کوڑے دان میں سڑ چکے ہیں۔
سابق صدر نے کہا کہ27 دسمبر 2007 کے سانحے کے بعد ملک خطرناک صورتحال کا شکار بن چکا تھا تو قائد عوام کے سپاہی نے ان کی امانت کو بچالیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے سیاسی جانشین نے 1973 کے آئین کو اصل صورت میں بحال کرکے قائد عوام شہید کی روح کے سامنے سرخرو ہوا۔ آصف علی زرداری نے کہا یہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا کرشمہ ہے کہ آج ملک کا ہر شہری آئین کو مقدس دستاویز تسلیم کرتا ہےاور جمہوریت مستحکم ہو رہی ہے اور مضبوط جمہوریت میں ہی ملک کی بقا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=358223