فیصل آباد ۔4اپریل (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی منگل کے روز مفت آٹے کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے اچانک فیصل آباد پہنچ گئے جہاں آمد کے فوری بعد انہوں نے کوآپریٹو ٹریننگ کالج، ہاکی سٹیڈیم اور اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں قائم مفت آٹاکی تقسیم کے3ڈسٹری بیوشن سنٹر زکادورہ کیااور وہاں مستحقین میں آٹے کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔اس موقع پر کمشنر سلوت سعید، آر پی اوعابد خان، ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر، سٹی پولیس آفیسرعلی ناصر رضوی،اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد زبیراور دیگر حکام بھی موجود تھے۔انہوں نے فری آٹا سنٹرزپرفیصل آباد ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کیلئے کئے گئے انتظامات کی تعریف کی اورانتظامیہ، پولیس و دیگر محکموں کے افسران وعملے کی کارکردگی کو سراہا۔
محسن نقوی نے سنٹرز پرآٹے کے حصول کیلئے آنیوالے مردوں و خواتین سے گفتگو کی اور آٹے کی فراہمی کے حوالے سے استفسار کیا۔اس موقع پربعض شہریوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں تصدیق نہ ہونے کے بارے میں شکایات کیں جبکہ چند افراد کی طرف سے شناختی کارڈز کی تصدیق نہ ہونے کے بارے میں بھی شکایات کی گئیں جس پر وزیراعلیٰ نے متعلقہ عملہ کو شکایات کے فوری ازالے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اپنی نگرانی میں بعض افراد کے شناختی کارڈز کی تصدیق کروائی اور شہریوں کو آٹا دلوایا۔
انہوں نے شہریو ں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن کرانے کی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل و مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔محسن نقوی نے کاؤنٹرز پر آٹا لینے والے شہریوں سے گفتگوکی جس میں شہریوں نے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سنٹرز پر مفت آٹاکی فراہمی کے انتظامات کا مشاہدہ کرتے ہوئے بتایا کہ فری آٹا پیکیج کے تحت پنجاب بھر میں آج اب تک14 لاکھ 10 ہزار سے زائد آٹے کے تھیلے تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ صرف فیصل آباد ڈویژن میں ایک لاکھ 96 ہزار سے زائد آٹے کے تھیلے تقسیم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے وزیراعظم پاکستان اور پنجاب حکومت کے تاریخ ساز رمضان پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی سے شہریو ں کو حقیقی ریلیف مل رہا ہے جبکہ وہ خود شہر شہر جا کر مفت آٹا کی فراہمی کے پیکیج کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کسی جگہ کسی بدانتظامی، کوتاہی یا بے قاعدگی کا احتمال نہ رہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں مسائل سامنے آتے ہیں فوری ایکشن لے کر انہیں حل کیا جاتا ہے۔محسن نقوی نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہر شہری کو فری آٹا کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اس دوران وہ شہریوں میں گھل مل گئے اورمفت آٹے کے حصول کیلئے موجود مردوں اور خواتین سے بات چیت کی۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ماہ صیام میں مستحقین میں مفت آٹے کی تقسیم کے دوران کسی شہری کو کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہیے اور انہیں مکمل عزت و احترام بھی فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ آٹے کی تقسیم کے عمل میں بزرگوں، معذوروں، علیل افراد اور خواتین کا خاص خیال رکھا جا ئے کیونکہ اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی، کسی کی دلآزاری، فرائض میں غفلت، سستی یا کوتاہی کی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ آٹا ڈسٹری بیوشن پوائنٹس پر موجود بعض خواتین اور مرد حضرات سے مفت آٹے کی فراہمی میں درپیش مشکلات بارے بھی دریافت کیا اور آٹے کے معیار، اس کی فراہمی میں آسانیوں و حکومتی اقدامات بارے آگاہی حاصل کی۔انہوں نے ترتیب اور پرسکون طریقے سے شہریوں کو مکمل عزت و احترام کے ساتھ آٹے کی فراہمی سمیت سکیورٹی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں متعلقہ ملازمین اپنی اس ڈیوٹی کو خدمت سے بڑھ کر عبادت سمجھ کر سرانجام دیں اور کوشش کریں کہ ان کے پوائنٹس پر آنیوالوں کو کوئی زحمت یا تکلیف نہ اٹھانی پڑے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کوئی بھی مستحق شخص جو مفت آٹے کے مرکز پر آئے وہ بغیر آٹے کے نہیں لوٹنا چاہیے جبکہ ایسے اہل افراد جو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں اور اس وجہ سے مفت آٹا حاصل نہیں کرپا رہے انکی بھی فوری رجسٹریشن یقینی بنائی جائے اور اس سلسلہ میں آٹا تقسیم کے مراکزپر نادرا اوربینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حکام مستحق شہریوں کی رجسٹریشن کیلئے فوری اپنے کاونٹرزقائم کریں۔
محسن نقوی نے کہا کہ حکومت رمضان کے دوران غریب طبقے کی مشکلات میں جہاں تک ممکن ہو سکے کمی کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور مفت آٹے کی فراہمی اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔انہوں نے محکمہ خوراک اور انتظامیہ کے حکام کو ہدایت کی کہ مفت آٹے کے معیار میں کسی قسم کی کمی نہیں ہونی چاہیے۔