بابراعظم کی نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں ورلڈ ریکارڈز پر نظریں مرکوز

163
Babar Azam
Babar Azam

اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں کئی ریکارڈز کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز14 اپریل سے شروع ہو رہی ہے۔ بابر اعظم سیریز میں بیک وقت کئی بڑے ریکارڈ اپنے نام کر سکتے ہیں۔28 سالہ بابر اعظم نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے 5 میں سے 3 ٹی ٹونٹی جیت کر کامیاب ترین کپتان کا ورلڈ ریکارڈ قائم کر سکتے ہیں۔

بابراعظم اب تک بطور کپتان40 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز جیت چکے ہیں جبکہ اس وقت کامیاب ترین کپتان کا ورلڈ ریکارڈ مشترکہ طور پر افغانستان کے اصغر افغان اور انگلینڈ کے این مورگن کے پاس ہے ، دونوں نے42-42 میچز جیتے ہیں۔ بابر اعظم اب تک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں2 سنچریوں اور 30 نصف سنچریوں کی مدد سے 3355 رنز بنا چکے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف 5 میچوں کی سیریز میں مزید145 رنز بنا کر3500 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل رنز تک پہنچنے والے پاکستان کے پہلے بلے باز بن جائیں گے۔

بابر اعظم اب تک ون ڈے کی93 اننگز میں17 سنچریاں بنا چکے ہیں۔ اگر وہ اگلی 7 اننگز میں ایک بھی سنچری بناتے ہیں تو وہ سب سے کم اننگز میں18 سنچریاں بنانے والے کھلاڑی بن جائیں گے جبکہ یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کے نام ہے۔ انہوں نے یہ کارنامہ 101 اننگز میں انجام دیا تھا۔ قومی ٹیم کے بابر اعظم نے ون ڈے میں59 کی اوسط سے4813 رنز بنائے ہیں۔ اگر وہ اگلی7 اننگز میں مزید187 رنز بنا لیتے ہیں تو وہ تیز ترین5 ہزار رنز بنانے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔

جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ نے یہ کارنامہ101 اننگز میں کیا تھا جبکہ کوہلی اور ویسٹ انڈیز کے تجربہ کار بلے باز ویو رچرڈز 114 اننگز میں یہاں پہنچے تھے۔ بابر اعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں 28 سنچریوں کی مدد سے 11864 رنز بنائے ہیں۔ وہ 12 ہزار رنز سے صرف 136 رنز دور ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ میں 3696، ون ڈے میں 4813 اور ٹی ٹوینٹی میں 3355 رنز بنائے ہیں۔