تحریک انصاف سمیت تمام اپوزیشن کو غیر مشروط طور پر مذاکرات کیلئے وزیر اعظم کے پاس آنا پڑے گا،زرداری

107
تحریک انصاف سمیت تمام اپوزیشن کو غیر مشروط طور پر مذاکرات کیلئے وزیر اعظم کے پاس آنا پڑے گا،زرداری

اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سمیت تمام اپوزیشن کو غیر مشروط طور پر مذاکرات کیلئے وزیر اعظم کے پاس آنا پڑے گا۔پیپلز پارٹی آئین کا اور پارلیمنٹ کا ہر قیمت پر تحفط کرے گی ، جمہوریت ہمارا یقین ہے،پارلیمنٹ ہی غریب عوام کی سب سے بڑی عدالت ہے۔

انہوں نے سوموار کو پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ ایک سپریم مقدس ادارہ ہے اس کے تقدس کو پامال کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جاسکتی۔انہوں نے کہا یہ ملک 22 کروڑ عوام کا ہے کسی فرد واحد کا نہیں۔ہر اپوزیشن جماعت کو مذاکرات کیلئے وزیر اعظم کے پاس آنا پڑے گااور اس کیلئے اپوزیشن کو کوئی شرط نہیں بلکہ غیر مشروط آنا ہوگا۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئین دینے والی جماعت ہے ،بھٹو نے ایسا دستور قوم کو دیا جس پر اس وقت کی ہر حزب اختلاف کی جماعت نے بھی اتفاق کیا اور دستخط کئے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ملک قوم آئین اور پارلیمنٹ پر مشکل وقت آیا پیپلز پارٹی ہی ان کو بچانے کیلئے آتی ہے۔بی بی شہید کی شہادت کے وقت حالات سنگین ہوئے تو میں نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔