وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق میاں ریاض حسین پیرزادہ سے بشپ آف لاہور ندیم کامران کی ملاقات

213

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق میاں ریاض حسین پیرزادہ سے بشپ آف لاہور ندیم کامران نے جمعرات کو یہاں ان کے آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے ریاستی اقدامات پر بات چیت ہوئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا کے کسی مذہب میں نفرتیں پھیلانے کا درس نہیں دیا گیا۔ ہمارا آئین پاکستان میں سب مذاہب کے پیروکاروں کو مذہبی آزادی اور برابری کے حقوق دیتا ہے۔

نبی اکرمؐ کی تعلیمات میں ہے کہ تمام بنی نوع انسان حضرت آدم علیہ السلام کی اولاد ہیں ۔ ہمارے خون کا رنگ ایک ہے اور ہم سب بھائی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان میں نفرتوں کے بجائے محبتوں کو پروان کرنے کی ضرورت ہے۔ دوسرے مذاہب کی عزت و احترام اور رواداری ہماری مذہبی تعلیمات اور سماجی روایات میں شامل ہے ۔

مذہبی تعصب نے پاکستان کے تشخص کو بین الاقوامی سطح پر بہت مجروح کیا ہے۔ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ موجودہ حکومت  پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کے حقوق کے پرچار اور حفاظت کی ذمہ دار ہے۔