اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق حکومت کی مجرمانہ غفلت کے باعث پی ٹی وی اہم عالمی مقابلے دکھانے سے محروم رہا ، ہم نےبرسر اقتدار آکر فوری کارروائی کی اور ٹین سپورٹس کے ساتھ معاہدہ کیا مگر وقت کی کمی کے باعث پی ٹی وی کو انڈیپینڈنٹ رائٹس نہ مل سکے۔
جمعرات کو قومی اسمبلی میں شگفتہ جمانی کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی وی سپورٹس میں کھیلوں کے عالمی مقابلے دکھانے کے حقوق حاصل کرنے کیلئے عالمی ذرائع ابلاغ کے ساتھ معاہدوں کیلئے ایک سیل قائم ہے، کھیلوں کے مقابلوں سے ایک سال پہلے ان معاہدوں کیلئے کارروائی شروع کی جاتی ہے مگر سابق حکومت نے اس حوالہ سے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا،
پی ٹی وی کی سکرین کو یہ اہم عالمی مقابلے دکھانے سے محروم رکھا گیا مگر جب ہم برسر اقتدار آئے تو ہم نے فوری کارروائی کی اور ٹین سپورٹس کے ساتھ معاہدہ کیا مگر وقت کی کمی کے باعث پی ٹی وی کو انڈیپینڈنٹ رائٹس نہ مل سکے، ہم نے اس معاملہ کی چھان بین کیلئے ایک آزاد کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کی رپورٹ کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔
صلاح الدین کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ریڈیو اور 20 علاقائی زبانوں کے 300 پروگرام روزانہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر مسلم پاکستانیوں کی مذہبی رسومات اور تہواروں کے حوالہ سے بھی اور علاقائی زبانوں میں پروگرام نشر کئے جاتے ہیں۔ شگفتہ جمانی کے سوال کا جواب دیتےہوئےپارلیمانی سیکرٹری شہباز بابر نے کہا کہ پی ٹی وی نے ہمیشہ کھیلوں کی سرگرمیاں دکھائی ہیں، ہماری حکومت 2022 ء میں آئی، اس سے پہلے سابق حکومت فیفا کے ساتھ بات چیت کر چکی تھی، اس معاملہ کی تحقیقات ہو رہی ہیں جلد رپورٹ آئے گی۔
شیخ روحیل اصغر کے سوال کے جواب میں شہباز بابر نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچ بھی اس لئے نہیں دکھائے جا سکے کیونکہ ایک نجی ٹی وی چینل کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ اس معاملہ پر بھی کارروائی جاری ہے ۔یقین دلاتا ہوں کہ آئندہ پی ٹی وی تمام میچ دکھائے گا۔