خیبر پختونخوا میں مارچ/اپریل کی انسداد پولیو کی ذیلی مہم کا مرحلہ جمعہ سے شروع ہو گیا

136

اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):وزارت صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں مارچ/اپریل کی انسداد پولیو کی ذیلی مہم کا مرحلہ جمعہ (آج)سے شروع ہوگیا۔ جمعہ کو اپنے بیان میں وزارت نے کہا کہ انسداد پولیو کی ذیلی مہم میں خیبرپختونخوا کے 27اضلاع شامل ہیں جبکہ بلوچستان کے 12 اضلاع میں پولیو مہم عبدالفطر کے بعد ہوگی۔ ترجمان نے بتایا کہ بلوچستان میں مردم شماری کے باعث انسداد پولیو مہم ملتوی کی گئی تھی۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر صحت عبدالقادرپٹیل نے کہا ہے کہ پولیوکے خاتمے کےلئے پرعزم ہیں اور اس سلسلے میں مربوط حکمت عملی تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے 10 اضلاع میں مکمل طور پر پولیو مہم ہوگی ، باقی 17اضلاع میں منتخب یونین کونسلوں میں پولیو مہم ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ جن اضلاع میں مکمل پولیو مہم ہوگی ان میں جنوبی خیبرپختونخوا کے 7 اضلاع شامل ہیں جن میں نوشہرہ، پشاور اور سوات بھی شامل ہیں جبکہ جزوی طور پر شامل اضلاع میں افغان پناہ گزین کیمپوں، افغانستان کی سرحد سے متصل یونین کونسلوں اور ہائی رسک موبائل آبادی کو پولیو ویکسی نیشن کےلئے منتخب کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں 5سال سے کم عمر کے 3.25 ملین بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور پولیو مہم میں مجموعی طور پر24ہزار269 فرنٹ لائن پولیو ورکرز مہم میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال ملک میں پولیو کا ایک کیس رپورٹ ہوا ہے ۔ عبدالقادر پٹیل نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے ضرور پلوائیں۔