لاہور -15 اپریل ل (اے پی پی):پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو 38 رنز سے شکست دے دی-ہفتہ کے روز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 193 رنز کا ہدف دیا- ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 154 سکور بنا سکی –
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم کی جانب سے اوپننرز بابر اعظم اور محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 99 رنز بنائے -محمد رضوان اپنی 24ویں نصف سنچری بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے انہیں میٹ ہینری نے کیچ آؤٹ کروایا۔اگلی ہی گیند پر فخر زمان کو میٹ ہینری نے بولڈ کردیا۔ انکے بعد نئے آنے والے بلے باز صائم ایوب بھی کوئی رنز نہ بنا سکے اور رویندرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ بابر اعظم کا ساتھ دینے کے لیے عماد وسیم کیریز پر آئے،
انہوں نے 2 رنز بنائے اور جمی نیشم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے -قومی ٹیم 105 رنز پر ہی 4 اہم وکٹیں گنوا بیٹھی – اس کے بعد افتخار احمد نے کپتان بابر اعظم کا ساتھ دیا اور دونوں کے درمیان 43 گیندوں پر 87 رنز کی ناقابلِ شکست پارٹنرشپ بنی۔ بابر اعظم نے اننگز کی آخری گیند پر چوکا لگا کر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں اپنی تیسری سنچری مکمل کی جبکہ افتخار احمد نے 19 گیندوں پر 33 رنز بنائے اور یوں قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنائے-نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے 2 وکٹیں جبکہ رچن رویندرا اور جمی نیشم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی-
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری 2 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ رچن رویندرا اور جمی نیشم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے محتاط آغاز کیا، لیکن پاکستانی بولرز کی بولنگ کے آگے کیوی بیٹسمین زیادہ رنز نہ بنا سکے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک چپمین نے 65 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں چیڈ بوس 26 اور ٹام لیتھم 19 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4 وکٹیں لیں جبکہ شاداب خان، عماد وسیم اور زمان خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں-پاکستان ٹیم کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، صائم ایوب، شاداب خان، افتخار احمد، عماد وسیم، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور زمان خان پر مشتمل تھی جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کپتان ٹام لیتھم، چیڈ بوز، ول ینگ، ڈیرل مچل، مارک چپمین، جیمز نیشم، راچن رویندرا، کول مک کوچی، ہینری، شپلے، میٹ ہینری اور بین لسٹر شامل تھے۔ واضح رہے کہ قومی ٹیم کو پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔