مفتی عبدالشکور مرحوم کوہلال امتیاز اوران کے اہلخانہ کو مالی معاونت کی فراہمی کیلئے وزیراعظم سے بات کروں گا، راجہ پرویز اشرف

100
راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہاہے کہ مفتی عبدالشکورمرحوم کوہلال امتیاز اوران کے اہلخانہ کو مالی معاونت کی فراہمی کیلئے وہ وزیراعظم سے بات کریں گے۔

بدھ کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں آغارفیع اللہ نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ مفتی عبدالشکورکے انتقال پرپوری قوم افسردہ تھی، مختلف سوشل میڈیا گروپوں میں بے یقینی کاتاثر دیا گیاہے کہ یہ ایک حادثہ نہیں بلکہ قتل ہے، وزیرداخلہ نے وضاحت بھی تھی، اس پرحکومت کی طرف سے واضح بیان آنا چاہئے۔ مفتی عبدالشکورکی شہادت پر سیاست نہیں کرنا چاہئے۔

علی گوہرنے کہاکہ مفتی عبدالشکورکی شہادت پرانہیں خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایک دن مختص کیا جائے، انہوں نے کہاکہ وزیرداخلہ نے کہاہے کہ یہ ایک حادثہ تھا اوریہ بات درست ہے مگرپھر بھی محسوس ہوتا ہے کہ ٹریفک سے متعلق لاپرواہی ضرور تھی، سیفٹی کے انتظامات پورے نہیں تھے۔اس حوالہ سے اقدامات ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ مفتی عبدالشکورنہ صرف مفتی اورعالم تھے بلکہ متقی اورپرہیز گارانسان تھے، جس جگہ حادثہ پیش آتا ہے تو متعلقہ ادارے قاعدے کے مطابق مقام پرپہنچتے ہیں۔

اس حادثہ کے بعد بھی سپیڈ بریکر اوربورڈ نہیں لگا ہے۔آج بھی گاڑیاں اسی مقام سے تیزرفتاری سے گزررہی ہیں ۔انہوں نے مفتی عبدالشکورکے گھرکے قریب جدید مدرسہ اورمسجد کی تعمیر کامطالبہ بھی کیا۔ سپیکر راجہ پرویز اشر ف نے کہاکہ مفتی عبدالشکورمرحوم کوہلال امتیاز اوران کے اہل خانہ کو مالی معاونت کی فراہمی کیلئے وہ وزیراعظم سے بات کریں گے۔