پاکستان اور نیوزی لینڈ کے پانچویں اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کی آمدنی ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کے لئے عطیہ کی جائے گی

116

راولپنڈی۔20اپریل (اے پی پی):پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین پانچویں اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کی آمدنی ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کے لئے عطیہ کی جائے گی۔ترکیہ اور شام کا سرحدی علاقہ6 فروری کو آنے والے قیامت خیز زلزلے سے لرز اٹھا تھا جس میں ہزاروں جانیں گئیں اور صحت کی سہولیات سمیت بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو گیا تھا۔

پی سی بی کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق 24 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان پانچویں ٹی 20 میچ کی گیٹ منی زلزلہ زدگان کو دی جائے گی جس کا ٹکٹ شائقین آن لائن pcb.bookme.pk کے ذریعے خرید سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر سرحد کے دونوں جانب سے متاثرہ لاکھوں افراد کے لئے عطیات جمع کرنے میں کردار ادا کرے گا۔

پاکستانی ٹیم میچ میں یادگاری ٹوپیاں پہنے گی تاکہ اس مشکل لمحے سے گزرنے والے دونوں برادر ممالک کے ساتھ پاکستان کی لازوال یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم نہ آنے والے شائقین پی سی بی کو بذریعہ بینک اکائونٹ بھی عطیات بھیج سکتے ہیں۔