چوہدری انوار الحق آزاد جموں و کشمیر کے 15ویں وزیر اعظم منتخب

508

مظفرآباد۔20اپریل (اے پی پی):آزاد جموں و کشمیر میں پی ٹی آئی کے رکن و سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق اپوزیشن جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی)، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور فارورڈ بلاک بنانے والے اپنے پارٹی کی حمایت کے ساتھ بدھ کو رات گئے حیران کن طور پر آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) کے 15 ویں وزیر اعظم منتخب ہوگئے۔ قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بدھ کو دوپہر 2 بجے ہونا تھا لیکن رات 12 بجے دوبارہ انوار الحق کی صدارت میں شروع ہوا جنہوں نے سیکرٹری اسمبلی کو ہدایت کی کہ رولز آف بزنس کی معطلی کی منظوری کے بعد وزیراعظم کے انتخاب کا شیڈول جاری کرے۔

رات 1بجے تک صرف انوارالحق کے کاغذات نامزدگی داخل ہوئے اور جانچ پڑتال کے بعد 1بجکر20 منٹ پر منظور کر لئے گئے اورایوان نے انہیں وزیر اعظم منتخب کر لیا۔ سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی اے جے کے چیپٹر کے صدر سردار تنویر الیاس خان کی نااہلی کے بعد وزیر اعظم آزاد کشمیر کا عہدہ خالی ہوا تھا۔ نومنتخب وزیراعظم نے53 کے ایوان میں48 ووٹ حاصل کئے جہاں 4 ارکان اسمبلی غیر حاضر رہے جب کہ ایک ووٹ سابق نا اہل وزیراعظم کی ہے۔ قبل ازیں صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے اپنے نامزد امیدوار چوہدری رشید کو منتخب کرنے کے لیے اپنی پارٹی میں فارورڈ بلاک بنایا لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکے اور حیرت انگیز طور پر آخری لمحات میں انہوں نے اپنے نامزد امیدوار سمیت نشست میں شرکت کی اور انوارالحق کی حمایت کر دی۔