ملکی استحکام کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیئے،آگے بڑھنا ہے تو استحکام اور تسلسل چاہیے ،وزیر دفاع خواجہ آصف

158
Khawaja Asif

سیالکوٹ۔22اپریل (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملکی استحکام کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیئے، معاشی بحران سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ہے۔آج بروز ہفتہ یہاں سیالکوٹ میں عوام سے عید ملنے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آگے بڑھنا ہے تو استحکام اور ایک تسلسل چاہیے اور وہ تسلسل اور اسٹیبلیٹی آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں پولیٹیکل اسٹیبلیٹی آنی چاہیے اور یہی ملک و قوم کے بہتر مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ذاتی خواہشوں کے حصول کے لئے دوڑیں لگی رہیں گی تو پھر وطن اور قوم کی خواہشات پوری نہیں ہوں گی، تمام طبقات کو ذاتی خواہشات کی بجائے قومی ایجنڈے پر فوکس کرنا چاہیے۔خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ انصاف کا سب سے بڑا ادارہ ہے، پارلیمنٹ ہو یا عدلیہ اکثریت فیصلے کو فوقیت حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا ادارہ باوقار ہے، ہمیں احترام ہے اور میں سمجھتا ہوں وہاں بھی ادب و احترام قانون اور آئین کی بلندی کا سلسلہ ہونا چاہیے۔ سابق اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ، چوہدری ارشد وڑائچ، چوہدری نوید اشرف اور ذیشان رفیق سمیت معزین علاقہ کی کثیر تعدادبھی اس موقع پر یہاں موجود تھی۔