وزیراعظم محمد شہباز شریف کے حکومت میں شامل جماعتوں کے قائدین کو ٹیلی فون، عید کی مبارکباد

226

لاہور۔22اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حکومت میں شامل جماعتوں کے قائدین کو ٹیلی فون کئے اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔

وزیراعظم آفس کے پریس ونگ کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو ٹیلی فون کیا اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بھی ٹیلی فون کیا اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سابق صدر آصف علی زرداری، بختاور اور آصفہ کے لئے بھی نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے سردار اختر مینگل، چودھری شجاعت حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، محمود خان اچکزئی، آفتاب احمد خان شیرپائو، پروفیسر ساجد میر، شاہ اویس نورانی کو بھی ٹیلی فون کئے اور عید کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو بھی ٹیلی فون کیا اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چاروں گورنرز کو بھی ٹیلی فون پر عید کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو بھی ٹیلی فون کیا اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو بھی ٹیلی فون پر عید کی مبارکباد دی۔