حج پروازوں کا آغاز 20 مئی سے ہو گا ،21 جون تک جاری رہیں گی،سیکرٹری مذہبی امور

159
Ministry of Religious Affairs
Ministry of Religious Affairs

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):سیکرٹری مذہبی امور آفتاب اکبر درانی نے کہا ہے کہ 20 مئی سے حج پروازوں کا آغازہو جائے گا ، آخری حج پرواز 21 جون کو حجاز مقدس روانہ ہو گی۔

بدھ کو وزارت مذہبی امور نے وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہٰ محمود کی زیر صدارت ہونے والے حج انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری مذہبی امور نے کہا کہ فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے عازمین کو حجاز مقدس روانہ کرنے کے لئے حج انتظامات پر تیزی سے پیش قدمی جاری ہے ۔

حجاج کرام کی بائیو میٹرک 28 اپریل تک مکمل ہو گی۔ عازمین سے ان کے کا ر آمد پاسپورٹ بھی 28 اپریل تک طلب کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام 10 حاجی کیموں کے زیر انتظام مناسک حج اور انتظامی امور کی تربیت کا آغاز جمعرات 27 اپریل سے شروع ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ تحصیل اور ضلع کی سطح پر منعقدہ حج تربیت میں شرکت تمام عازمین حج پر لازمی ہے۔ انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ توقع ہے کہ 20 مئی سے حج پروازوں کا آغازہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے آخری حج پرواز 21 جون کو روانہ ہو گی۔