راولپنڈی۔29اپریل (اے پی پی):نیوزی لینڈ نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو جیت کے لئے 337 رنز کا ہدف دے دیا ، راولپنڈی اسٹیڈیم میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، نیوزی لینڈ نے ڈیرل مچل اور ٹام لیتھم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے ، ڈیرل مچل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 129 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ، یہ سیریز میں ان کی مسلسل دوسری سنچری ہے،
کیوی کپتان ٹام لیتھم نے بھی عمدہ بیٹنگ کی 98 رنز بنانے کے بعد حارث رؤف کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ، بدقسمتی سے وہ 2 رنز کے فرق سے کیرئیر کی آٹھویں سنچری مکمل نہ کر سکے ، دیگر بیٹرز میں چیڈ بوز 51 ، ول ینگ 19 اور جیمز نیشم 17 رنز بنا کر نمایاں رہے ، پاکستان کی طرف سے حارث رؤف سب سے کامیاب باؤلر رہے ، انہوں نے 78 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں ، نسیم شاہ کے حصے میں ایک وکٹ آئی ، کیریئر کا پہلا میچ کھیلنے والے فاسٹ باؤلر احسان اللہ کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے ، انہوں نے 8 اوورز میں 60 رنز دیئے ۔