پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ امپائر علیم ڈار کوشاندار خدمات پر یادگاری شیلڈ پیش کی گئی

171

راولپنڈی۔29اپریل (اے پی پی):پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ امپائر علیم ڈار کو آئی سی سی کی جانب سے ان کی شاندار خدمات پر یادگاری شیلڈ پیش کی گئی، علیم ڈار نے بنگلہ دیش اور آئرلینڈ کے درمیان ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے بعد آئی سی سی ایلیٹ پینل کی ذمہ داریوں کو خیرباد کہہ دیا تھا،

گزشتہ روز راولپنڈی اسٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ سے قبل آئی سی سی کی جانب سے جی ایم کرکٹ وسیم خان نے علیم ڈار کو یادگاری شیلڈ دی ، اس موقع پر پاکستانی امپائر احسن رضا سمیت دیگر نے علیم ڈار کو شاندار کیریئر کے اختتام پر خراج تحسین پیش کیا،

واضح رہے کہ علیم ڈار 442 انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں جو عالمی ریکارڈ ہے ، وہ اب تک 145ٹیسٹ ، 227 ون ڈے اور 70 ٹی 20 میچ سپروائز کر چکے ہیں، 54 سالہ علیم ڈار 2004 میں آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل ہوئے تھے، اس کے علاوہ علیم ڈار نے 2009 سے 2011 تک مسلسل تین بار بہترین امپائر کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔