نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں شاندار کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ، فخر زمان نے شاندار اننگز کھیل کر سب کو حیران کر دیا ، جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے ، بابر اعظم

110

راولپنڈی۔30اپریل (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بیٹر بابر اعظم نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں شاندار کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ، فخر زمان نے شاندار اننگز کھیل کر سب کو حیران کر دیا ، جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے ، میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا بیک ٹو بیک میچ جیت کر خوشی ہو رہی ہے ، تمام کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں

، بابر اعظم نے کہا فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کی، ان کی بیٹنگ ایسی تھی کہ سب حیران ہو گئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا بطور کپتان ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن اور خوش ہوں، تمام کھلاڑی اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، چیزیں بہتر کر رہے ہیں اور آگے بھی کریں گے۔ اوپنر بیٹر فخر زمان نے کہا کہ میچ کے بعد پتا چلا 3 ہزار رنز مکمل ہو گئے، تیز ترین 3 ہزار رنز کا ریکارڈ بنانے پر خوشی ہے۔

انہوں نے کہا ریکارڈز تو بنتے رہتے ہیں، اہم یہ ہے کہ آپ کے رنز سے ٹیم جیتے، مجھے زیادہ خوشی اس وقت ہوتی ہے جب ٹیم کامیاب ہوتی ہے ، فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں ، ٹیم کو جہاں ضرورت ہوتی ہے بطور پروفیشنل کرکٹر اپنی سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہوں ، یہ سیریز ایشیاء کپ اور ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے بہت اہم ہے ۔

انہوں نے کہا پاکستان کا مڈل آرڈر بہترین پرفارمنس دے رہا ہے، کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے دوسرے ایک روزہ میچ میں مہمان ٹیم نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی۔