بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اس وقت کم آمدنی والے 90 لاکھ خاندانوں کو مالی مدد فراہم کر رہا ہے ، وفاقی وزیر شازیہ مری کی عالمی بینک کے وفد سے بات چیت

199

اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ / چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اس وقت کم آمدنی والے 90 لاکھ خاندانوں کو مالی مدد فراہم کر رہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیڈ کوارٹر کے دورہ پر آئے ہوئے عالمی بینک کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئےکیا ۔وفد کی قیادت عالمی بینک کی نائب صدر برائے انسانی ترقی ممتا مرتھی کررہی تھیں۔ وفاقی وزیر نے غریب خاندانوں کی مدد جاری رکھنے کیلئے عالمی بینک کے تعاون کو بے حد سراہا ۔

اجلاس میں سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام یوسف خان اور پروگرام کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل این ایس ای آر نوید اکبر نے وفد کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی عمومی پیش رفت اور مختلف اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔

عالمی بینک کے وفد کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت چلنے والے مختلف پروگرامز جیسا کہ بینظیر کفالت، بینظیر نشوونما، بینظیر تعلیمی وظائف اور کفالت پروگرام میں اندراج کے لیے ومستحقین کے ڈیٹا کو اپڈیٹ کرنے کے لئے ڈائنامک رجسٹری متعارف کرانے جیسے اقدامات کے بارے میں بھی بریفنگ دی ۔

بعد ازاں وفد نے اسلام آباد میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحصیل آفس میں قائم ون ونڈو آپریشن سنٹر کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر جاری رجسٹریشن اور نقد رقم کی تقسیم کے مراحل کا مشاہدہ کیا ۔ عالمی بینک کے وفد نے بی آئی ایس پی کی طرف سے رقوم کی ادائیگی کے شفاف طریقہ کار کو سراہا۔