ڈیجیٹل کمپنی یانگو پاکستان میں تجرباتی بنیادوں پر اپنی خدمات فراہم کرنے اور سرمایہ کاری شروع کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے، نائب صدر یانگو

213
وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین کی آئی ٹی یو سی کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات

اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):ڈیجیٹل شہری نقل و حرکت کی خدمات فراہم کرنے والی ایک بین الاقوامی کمپنی یانگو پاکستان میں تجرباتی بنیادوں پر اپنی خدمات فراہم کرنے اور سرمایہ کاری شروع کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ یہ بات یانگو گرو پ کے نائب صدر اینٹون زیکوف جی آر نے سرمایہ کاری بورڈ میں ایک اجلاس کے دوران بتائی۔

اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین نے زوم کے ذریعے کی جبکہ سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ اسد رحمان گیلانی نے اجلاس کی نظامت کی۔یانگو کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئےوفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین نے یانگو کی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے اور ملک میں تجرباتی بنیادوں پر اپنی خدمات شروع کرنے پر آمادگی کا خیرمقدم کیا اور خواہش ظاہر کی کہ یانگو کی طرف سے ترقی کے دیگر شعبوں کو بھی تلاش کرنا چاہئے۔

یانگو گروپ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔قبل ازیں یانگو گروپ کے نائب صدر اینٹون زیکوف جی آر نے اجلاس کو بتایا کہ کمپنی افریقہ، یورپ، مشرق وسطیٰ اور جنوبی امریکہ کے 20 سے زائد ممالک میں رائیڈ ہیل، فوڈ ٹیک، ڈیلیوری، ای۔ تجارت جیسی خدمات فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی نے پاکستانی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کو حتمی شکل دی ہے جس سے غیر ملکی سرمایہ کاری، براہ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع اور پاکستان میں ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو ڈیجیٹل بنانے میں مدد ملے گی۔یانگو کے وفد نے وفاقی وزیر اور سیکرٹری بی او آئی کی جانب سے مثبت جواب پر خوشی کا اظہار کیا۔