وزیراعظم کی بادشاہ چارلس سوئم کی تاجپوشی میں شرکت

232
وزیراعظم کی بادشاہ چارلس سوئم کی تاجپوشی میں شرکت

لندن۔6مئی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہفتہ کو لندن میں بادشاہ چارلس سوئم کی تاج پوشی کی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کی اور حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے بادشاہ کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری تفصیلات کے مطابق 70 سالوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی برطانوی بادشاہ کی رسمِ تاجپوشی منائی جا رہی ہے۔اس سے قبل ان کی والدہ آہنجانی ملکہ الزبتھ دوم 1953 میں تخت پر براجمان ہوئی تھیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بادشاہ کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔اس سے قبل جمعہ کو وزیر اعظم نے لندن میں دولت مشترکہ سیکرٹریٹ میں دولت مشترکہ کے رہنماؤں کے ایک اجتماع میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ نئے بادشاہ، جو دولت مشترکہ کے سربراہ بھی ہیں، کے تختِ برطانیہ پر بیٹھنے سے اس کثیرالجہتی فورم کے لیے نئے مواقع اور نئی راہیں کھلی ہیں اور اس تنظیم کو نئی روح اور نئے مقصد کا احساس ملا ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان کامن ویلتھ شراکت داری، خاص طور پر نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور نوجوانوں کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر انہوں نے متعدد عالمی اور دولت مشترکہ کے رہنماؤں سے بات چیت کی جن میں برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سنک اور سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ پیٹریشیا سکاٹ لینڈ شامل ہیں۔وزیراعظم کل اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف سے بھی ملاقات کریں گے۔

مسٹر حمزہ جنہیں حال ہی میں سکاٹش پارلیمنٹ نے سکاٹش حکومت کے سربراہ کے طور پر منتخب کیا، ایسے پہلے مسلمان اور پہلے برطانوی پاکستانی ہیں۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان گہری اور پائیدار دوستی ہے جس کی بنیاد تاریخی وابستگی ہے اور لوگوں کے لوگوں کے درمیان تعلقات قائم ہیں۔تاجپوشی میں وزیر اعظم کی شرکت دونوں دوست ممالک کے درمیان ان پائیدار اور کثیر جہتی تعلقات اور شاہی خاندان کی پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ دیرینہ وابستگی کی بھی عکاسی کرتی ہے۔