عمران خان کو جب سے صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ ملا ہے تب سے ان کی الزام تراشی اور جھوٹ کی سیاست میں تیزی آ چکی ہے، وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ

168

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو جب سے صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ ملا ہے تب سے ان کی الزام تراشی اور جھوٹ کی سیاست میں تیزی آ چکی ہے۔ پیر کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلسل الزام تراشی کی بجائے عمران خان اپنے الزامات کے ثبوت سپریم کورٹ میں پیش کریں یا پھر الزامات کی سیاست ترک کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ 23 کروڑ آبادی کے اس ملک میں عمران خان واحد شخص ہے جو اعلیٰ ترین عدلیہ کی طرف سے صادق اور امین کا ٹائٹل ہولڈر ہے، اس لئے انہیں اس منفرد اعزاز کا کچھ نہ کچھ بھرم رکھنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آصف علی زرداری پر بھی اقدام قتل جیسے سنگین الزامات لگائے لیکن حیرت ہے کہ سازش کی اتنی معلومات رکھنے کے باوجود عمران خان نے نہ تو عدالت سے رجوع کیا اور نہ عوام کے سامنے کوئی ثبوت پیش کیے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ الزام تراشی عمران خان کی عادت ہے اور وہ شہباز شریف پر دس ارب روپے کی آفر کے جھوٹے الزام پر عدالت میں کیس بھگت رہے ہیں اور اسی طرح 35 پنکچر جیسےالزام کا انجام بھی قوم کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے ترین شخص کو صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ دینے پر ثاقب نثار کو بھی قوم سے معافی مانگنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ ہمارا عدالتی نظام جھوٹے الزامات پر متاثرہ فریق کو انصاف دینے میں سست رو ہے جس کی وجہ سے جھوٹ در جھوٹ کے کام میں تیزی آ چکی ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان سیاسی مقبولیت اورسستی ہمدردی کیلئے جھوٹ بولتے ہیں مگر جھوٹ کا سکہ زیادہ عرصہ نہیں چلے گا اور آخر کار سچ کو فتح حاصل ہوگی۔