وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت 1000 مربع گز سے زائد کی سرکاری جائیدادوں کی نشاندہی کرنے والی کمیٹی کا اجلاس

176

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت 1000 مربع گز سے زائد کی سرکاری جائیدادوں کو پی پی پی موڈ میں استعمال کرنے کی نشاندہی کرنے والی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ منگل کو وزارت قانون و انصاف سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ اجلاس میں وزارتوں سے کہا گیا تھا کہ وہ 1000 مربع سے زائد سرکاری جائیدادوں کی نشاندہی کے حوالے سے تفصیلات جمع کرائیں، اب تک 24 وزارتوں نے ڈیٹا جمع کرایا ہے اور نو وزارتوں نے ابھی تک اپنی رپورٹیں جمع نہیں کرائی ہیں۔

وزیر قانون نے وزارت ہوا بازی اور ریلوے کو ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں جائیدادوں کے ڈیٹا کے حوالے سے بریفنگ دی جائے۔ مزید برآں ہائوسنگ اینڈ ورکس کی وزارت 1000 مربع گز سے زیادہ جائیدادوں کے بارے میں ڈیٹا بینک کے حوالے سے ایک پریزنٹیشن بھی تیار کرے گی۔ وزیر قانون نے باقی وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد ڈیٹا جمع کرائیں تاکہ قابل عمل اور عملی تجاویز کے ساتھ رپورٹ کابینہ کے سامنے رکھی جا سکے۔ وزیر قانون نے تجویز پیش کی کہ سرکاری وسائل کے ضیاع سے بچنے کے لیے جائیدادوں سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کرنا ضروری ہے تاکہ ان جائیدادوں کو مفید اور منافع بخش بنایا جا سکے۔