لاہور۔11مئی (اے پی پی):مسلم لیگ (ن ) کے مرکزی رہنما رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پی ٹی آ ئی نے ملک میں انتشار کی سیاست کو فروغ دیا، کور کمانڈر ہائوس پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے ، عمران خان نے جھوٹ کی بنیاد پر عوام کو ہیجان میں رکھنے کی کوشش کی،ملک میں مہنگائی اور بیروز گاری کی وجہ عمران خان کی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
جمعرات کے روز لاہور پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے رانا مشہود نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے پاکستان کو بنانے کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے، جب پاکستان کی بنیاد رکھی جارہی تھی تو اس وقت ایک ہی نعرہ تھا کہ پا کستان میں میں ایسا نظام لانا چاہیے جس میں مساوات، قانون کی حکمرانی اور انصاف کا بول بالا ہو۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم کے پیسے پر ڈاکہ ڈال کر القادر ٹرسٹ بنایاجس میں اربوں روپے کی کرپشن کی، عمران خان کی گرفتاری القادر ٹرسٹ میں کرپشن کرنے کی وجہ سے ہوئی۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری ،محمد نواز شریف ،محمد شہباز شریف ،مریم نواز اور حمزہ شہباز عدالتوں میں پیش ہوسکتے ہیں تو کیاعمر ان خان آسمان سے اترا ہے کہ جو چوری بھی کرے اور عدالتوں میں کھڑا نہ ہو، پاکستان کے آئین و قانون سے کھیلنے کا موقع کسی کو نہیں دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کی ناقص پالیسیوں کے نتائج آج پوری قوم بھگت رہی ہے،عمران خان نے اپنے دور حکومت میں عوام کو کیا ریلیف دیا کہ جس کی بنیاد پر وہ ملک میں واویلا کر رہا ہے اس نے اپنے چار سالہ دور میں ایک بھی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا جبکہ محمد نواز شریف کے دور میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے گئے جن میں موٹر ویزاور سڑکوں کا جال بچھایا گیا، بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ، بیروز گاری میں کمی اور ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کروانے کیلئے سی پیک کا منصوبہ پاکستان لایا گیا۔انہوں نے کہا کہ جب بھی ملک میں بیرونی سرمایہ کاری آنا شروع ہو تی ہے تو عمران خان کبھی دھرنے دیتا ہے اور کبھی جلائو گھیرائو کی سیاست کوفروغ دیتا ہے،وہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور پھلتا پھولتا نہیں دیکھ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کرپشن کی بنیاد پر ہوئی وہ چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے، عمران خان کے35پنکچرز کا الزام سفید جھوٹ ہے،2018 کے چوری شدہ الیکشن میں چار حلقوں میں دوبارہ گنتی کروائی گئی تو ان چار حلقوں میں مسلم لیگ( ن) ہی کامیاب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر 2018 کے انتخابت کو چوری نہ کیا جاتا اور اس کو ملک پرمسلط نہ کیا جاتا تو پاکستان کی آج حالت کچھ اور ہوتی،خوشحالی اور ترقی کا سفر جاری رہتا جو محمد نواز شریف نے اپنے دور میں شروع کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں سی پیک کو رول بیک کیا اور ملکی ترقی کا پہیہ روک دیا،پاکستان کو اس نہج پر پہنچانے کا ذمہ دار عمران خان ہے،پی ٹی آئی نے دھرنے کے دوران عدلیہ اور پارلیمنٹ کے تقدس کو پامال کیا ،اس کی حکومت آئین اور قانون کے مطابق ختم کی گئی ۔
رانا مشہود نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ریڈیو پاکستان کی عمارت کو آگ لگا کرہمارے ہیروز کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،پرامن احتجاج کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے لیکن کور کمانڈر ہائوس پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے ۔رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان کی ریڈ لائن پاکستان کی بقا سے جڑی ہے، سلام ہے پاک فوج کو جو ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے بارڈرز پر ڈیوٹی سرانجام دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور چین سمیت دیگر دوست ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں لیکن عمران خان ان میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے،جب بھی ملک میں بیرونی سرمایہ کاری آنا شروع ہوتی ہے تو عمران خان سٹرکوں پراحتجاج کرنا شروع کردیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان تم نے ملک کے لیے کیا کیا ہے کہ تمہیں دوباہ اقتدار میں لایا جائے۔