چین پاکستان بیلٹ اینڈ روڈ جوائنٹ لیبارٹری کی پہلی اکیڈمک کمیٹی کانفرنس کا چین میں انعقاد

63

اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):چین پاکستان بیلٹ اینڈ روڈ جوائنٹ لیبارٹری کی ”سمارٹ ڈیزاسٹر پریوینشن آف میجر انفراسٹرکچر“ کے بارے میں پہلی اکیڈمک کمیٹی کانفرنس کا انعقاد نانجنگ چین میں ہوا۔

وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق اکیڈمک ایکسچینج کانفرنس کا مقصد جدید دور کے تقاضوں کے مطابق سول انجینئرنگ، فن تعمیر، پانی کے تحفظ اور نقل و حمل کے شعبوں میں تکنیکی اختراعی صلاحیتوں کی اہم تحقیقی پیشرفت اور علمی کامیابیوں کو اجاگر کرنا ہے۔ کانفرنس میں قومی تکنیکی جدت اور اعلیٰ معیار کی اقتصادی ترقی پر بھی شرکاءنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

چین کی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ٹیلنٹ سینٹر کی رہنمائی کے تحت کانفرنس کو چائنیز آرکیٹیکچرل سوسائٹی اور چائنیز سوسائٹی آف وائبریشن انجینئرنگ نے سپانسر اور اس کا اہتمام ساوتھ ایسٹ یونیورسٹی جیانگ سو اکیڈمی آف بلڈنگ سائنسز کمپنی لمیٹڈ نے کیا تھا۔

کانفرنس میں شرکت کرنے والوں میں چین میں پاکستان کے سفارتخانے کے قونصلر آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خان محمد وزیر، پاکستان کی این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر سروش حشمت لودھی ، بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کے وائس چانسلر پروفیسر سہراب خان بزنجو، بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر عبدالرحمن خان، جوائنٹ لیبارٹری کے پاکستانی ڈائریکٹر پروفیسر عابد علی شاہ شامل ہیں ۔