پارلیمنٹ کو مضبوط  ہونا چاہیے ، ان حالات میں الیکشن ہونگے تو ان بلوائیوں  سے کون بچے گا ، طلال چوہدری

153
پارلیمنٹ کو مضبوط  ہونا چاہیے ، ان حالات میں الیکشن ہونگے تو ان بلوائیوں  سے کون بچے گا ، طلال چوہدری

اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو مضبوط  ہونا چاہیے ، عمران خان کہتا ہے جو لوگ ہنگاموں میں جاں بحق ہوئے وہ ان کی جماعت کے تھے جبکہ ہنگامہ کرنے والے اور آگ لگانے والے مسلح انتشار پسند دوسرے لوگ تھے، عوام کو مزید بےوقوف نہیں بنایا جا سکتا، اگر جی ایچ کیو پر حملہ کا کیس آرمی کورٹ میں نہیں چلے گا تو کدھر چلے گا؟

ان حالات میں الیکشن ہونگے تو ان بلوائیوں  سے کون بچے گا ، کل کا دھرنا ختم نہیں ہوا موخر کیا گیا ہے،قائداعظم کا گھر محفوظ نہیں توکسی اور کا کیسے محفوظ رہے گا ، عدالت کا کام یہ نہیں کے وہ پارلیمنٹ کے قانون پر حکم امتناعی جاری کرے ۔ انھوں نے یہ بات منگل کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ طلال چوہدری نے کہا  کہ سوچنے کی بات یہ ہے کہ گذشتہ روز  کے احتجاج کی نوبت کیوں آئی ؟ ملزم کو مہمان بنائیں گے تو لوگ احتجاج کرینگے ، ادب سے بات کرنا اچھی چیز ہے لیکن ڈاکو کے ساتھ ادب سے پیش نہیں آیا جاتا، ادب بے گناہ  اور معصوم کے لیے ہے، عمران خان جھوٹ پر مبنی بیانیہ بنانا چاہتا ہے ، 2017 سے کھیل  شروع ہوا ، اشتہاری عمران خان منتخب وزیراعظم کے خلاف درخواست لے کر گیا، ملک میں ماحول بنا اور سہولت کاری سے لاڈلے کو وزیراعظم بنایا گیا، ہر رٹ کو تکنیکی بنیاد پر خارج کیا گیا، اب دو دن میں ضمانت ملتی ہے، اب پھر الیکشن کو مینج کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔

انہوں نےکہا کہ پی ڈی ایم کی کال پر 48 گھنٹے سے بھی کم وقت میں لوگ کل اسلام آباد پہنچے، کل کسی درخت کی کوئی ٹہنی تک نہیں ٹوٹی جبکہ دوسری جانب آگ لگائے بغیر کچھ نہیں ہوتا۔ انھوں نے کہا کہ 9 مئی کو آگ لگانے والے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر تھے لیکن الزام ایک ادارے پر لگایا جا رہا ہے، یہ لوگ فخر سے کہتے تھے کہ ہم آگ لگانے جا رہے ہیں ، جب میر جعفر میر صادق کہیں گے تو لوگ ایسا ہی کریں گے ، ان ہنگاموں کا فیصلہ عمران خان کے ساتھ میٹنگ میں کیا گیا،

طلال چوہدری نے کہاکہ ان حالات میں الیکشن ہونگے تو ان لوگوں کے شر  سے کون بچے گا، پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر کا سوشل میڈیا کھول لیں سب حقیقت سامنے آ جائے گی ،عمران خان نے کہا کہ گرفتار کیا گیا تودوبارہ یہی ہوگا، پاکستان کو ایسے الیکشن میں نہ دھکیلا جائے جسے کوئی بھی نہ مانے، پاکستان کی ضرورت کے لیے الیکشن ہونا چاہیے نہ کہ کسی کی خواہش پر ، پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ کی کہانی بہت لمبی ہے، ٹیریان وائٹ والا مقدمہ تکنیکی بنیاد پر خارج نہ کریں ، یہ بتا دیں آیا بیٹی اس کی ہے یا نہیں ، گارنٹی دے دیں کہ ان بلوائیوں سے بیلٹ بکس کیسے بچایا جائے گا ، توشہ خانہ میں عمران خان نے 9 وکیل بدلے، گھڑیاں ہیرے ساٹھ ارب کی خاطر گھروں کو آگ لگائی گئی، قائداعظم کا گھر محفوظ نہیں کسی اور کا کیسے محفوظ رہے گا، عدالت کا کام یہ نہیں کے وہ پارلیمنٹ کے قانون پر حکم امتناعی جاری کرے،

اگر قانون پر عمل نہیں کرا سکتے توپارلیمنٹ بند کر دیں ، گزشتہ روز ہونے والا احتجاج وقت کے ساتھ بدلے گا، نواز شریف نے گوجرانوالہ تقریر میں دو افراد کا نام لیا لیکن ادارے کے جوانوں کی تعریف بھی کی ، دیسی نیلسن منڈیلا بننے کے شوقین کے ہتھکڑی لگتی نہیں آنسو پہلے باہر ا ٓجاتے ہیں ، ہم لوگوں نے ظلم برداشت کیا ہے لیکن قانون کو ہاتھ میں کبھی  نہیں لیا ، انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں اور اداروں کو اس حوالے سے قانون میں گنجائش بھی دی گئی ہے ، الیکشن وقت پر ہونے کے ساتھ صاف ستھرے ہونے چاہئیں، الیکشن کمیشن اتنا آزاد ہے کہ اس کو تاریخ دی جاتی ہے ، بتایا جائے کہ پی ٹی آئی کے کس احتجاج میں جلائو گھیرائو نہیں ہوا؟یہ لوگ پورا توشہ خانہ کھا گئے ،پارلیمان پر حملہ کے دن سزا  دیتے تو یہ وقت نہ دیکھتے۔