باکو۔16مئی (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے منگل کو جمہوریہ آذربائیجان کی ملی مجلس کے خصوصی اجلاس سے خطاب کے دوران آذربائیجان کے قومی لیڈر حیدر علیوف کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کیا اور پاک آذربائیجان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آذربائیجان کی سپیکر کی جانب سے خصوصی دعوت پر آذربائیجان کے قومی لیڈر حیدر علیوف کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس خصوصی تقریب میں آذربائیجان کے اراکین پارلیمنٹ اور بین الاقوامی نمائندے بھی شریک تھے۔ ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے اپنے پارلیمانی وفد کا پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر آذربائیجان کی ملی مجلس کی سپیکر اور اراکین پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے باکو کی تاریخ اور ثقافت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور باکو کے درمیان تاریخی تعلقات موجود ہیں۔ ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے عوام ایک دوسرے سے گہری وابستگی اور محبت رکھتے ہیں۔ انہوں نے آذربائیجان کے قومی رہنما حیدر علیوف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین تعلقات اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے ان کے غیر معمولی کردار کا اعتراف کیا۔ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے حیدر علیوف کی دور اندیش قیادت اور اپنے عوام کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی کو سراہا۔انہوں نے آذربائیجان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے معیشت کو مضبوط بنانے اور ایک موثر عوامی انتظامیہ کے قیام کے لیے ان کے قومی رہنما کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔
ڈپٹی سپیکر نے آذربائیجان کی آزادی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے حیدر علیوف کی نمایاں کوششوں کو سراہا۔انہوں نے قومی لیڈر حیدر علیوف کے وژن کو ایک رہنما طور پر تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ قومی لیڈر کا وژن آذربائیجان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے حیدر علیوف کی قیادت میں آذربائیجان کی نمایاں پیش رفت کو سراہا اور جدید، خوشحال قوم کے طور پر آگے بڑھنے کے خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے ترقی کی جانب اپنے سفر میں اسی طرح کی کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے مشترکہ ثقافتی ورثے، مشترکہ اقدار اور سٹریٹجک تعاون اور مضبوط پاک آذربائیجان تعلقات کی بنیاد کے طور پر کام کرنے کی عزم کو دہرایا۔انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، سیاحت، تعلیم اور پارلیمانی اور عوامی سطح پر تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروع دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے علاقائی امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعاون اور اشتراکت داری کو بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے اپنے خطاب کا اختتام حاضرین کو حیدر علیوف کے وژن، قیادت اور ترقی کے عزم کے عمل کو دہرانے کی ضرورت دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پرتپاک استقبال پر اظہار تشکر کیا اور اس اہم تقریب کی کامیابی کے لیے اپنی خواہشات کا اظہار کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=363674