وزیراعظم محمد شہباز شریف پاکستان -ایران بارڈر مند- پشین پوائنٹ کے لیے روانہ ہو گئے

253
شہباز شریف

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف پاکستان -ایران بارڈر مند- پشین پوائنٹ کے لیے روانہ ہو گئے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق آج (جمعرات کو )مند-پشین سرحد، (پاکستان ایران سرحد)پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی بھی تشریف لائیں گے۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی دونوں ممالک کےدرمیان تجارت کے فروغ کیلئے بارڈر مارکیٹ کا افتتاح کریں گے۔

بارڈر مارکیٹ کے قیام سے سرحد کے دونوں اطراف رہنے والے لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور سمگلنگ کی روک تھام کی جا سکے گی۔اس کے علاوہ حکومت مزید 5 بارڈر مارکیٹس پر کام کر رہی ہے جن کو جلد تجارت کیلئے کھول دیا جائے گا۔مزید برآں دونوں سربراہان 100 میگاواٹ گبد-پولان بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کا افتتاح بھی کریں گے۔

گبد-پولان ٹرانسمیشن لائن وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی کی بدولت ریکارڈ مدت میں تعمیر ہوئی۔ اس ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل سے ایران کم لاگت بجلی کی مجموعی مقدار 204 میگاواٹ ہو گئی ہے جس سے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا بلوچستان میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کا وعدہ پورا ہوا۔دورے کے دوران وزیرِ اعظم اور ایرانی صدر کے مابین غیر رسمی ملاقات بھی ہوگی۔