وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت نارووال کرکٹ گراؤنڈ میں قومی ٹی۔10 میچ کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے خصوصی اجلاس

162

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):ضلع نارووال 28 مئی کو نارووال کرکٹ گراؤنڈ میں قومی ٹی۔10 میچ کی میزبانی کرے گا جبکہ نارووال سپورٹ سٹی کے سافٹ لانچ بھی کی جائے گی۔یہ فیصلہ جمعرات کو نارووال کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے دوستانہ قومی ٹی۔10 میچ کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے ایک خصوصی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کی جس میں سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ ، ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ ، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (بذریعہ زوم) اور ضلعی حکام نے شرکت کی۔

پولیس آفیسر ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر نارووال، ڈائریکٹر پی ٹی وی سپورٹس اور دیگر متعلقہ سٹیک ہولڈر بھی اجلاس میں شامل تھے۔واضح رہے کہ نارووال سپورٹس سٹی میں 14 اسٹیڈیم اور کھیلوں کے کورٹس ہیں، جیسے کہ کرکٹ، فٹ بال، ہاکی، والی بال، اسکواش، ٹیبل ٹینس، لان ٹینس، بیڈمنٹن کورٹ اور سوئمنگ پول شامل ہیں۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو 22 مئی تک تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی بطور مہمان خصوصی شرکت کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ دیگر معززین، ممبر پارلیمنٹ اور ریٹائرڈ کرکٹرز کو بھی اس موقع پر مدعو کیا جائے گا۔

میچ میں قومی سطح کے معروف کھلاڑی شرکت کریں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت ملک کے نوجوانوں کو بہترین پلیٹ فارم فراہم کرنے میں پرعزم ہے جو اس ملک کا مستقبل ہیں۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی وی سپورٹس میچ کو براہ راست نشر کرے گا جبکہ ڈی پی او کو حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پولیس رینجرز بھی تعینات کئے جائیں گے۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نارووال تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان رابطہ کاری کے لیے فوکل پرسن ہوں گے۔ وہ 20 مئی کو نارووال کرکٹ گراؤنڈ میں اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں ڈی جی، پی ایس بی، پی سی بی اور پی ٹی وی کے ایک ایک نمائندے بھی شرکت کریں گے تاکہ انتظامات کو حتمی شکل دی جاسکے۔

اس سے قبل چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے شرکاء کو بتایا کہ پچ اور گراؤنڈ کے حوالے سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی خصوصی ٹیم موقع پر تعینات تھی جس نے میچ کی تکنیکی چیزیں مکمل کر لی ہیں۔ ڈی جی، پی ایس بی نے اجلاس کو بورڈ کے اب تک کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا، وفاقی وزیر نے انہیں 22 مئی کو اپنی موجودگی کو یقینی بناتے ہوئے زیر التواء کام کو فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اسی طرح یہ فیصلہ کیا گیا کہ وزارت اطلاعات و نشریات میچ کے ایک ہفتے سے پہلے اس کا اشتہار کا انعقاد کرے گی جبکہ تماشائیوں اور کھلاڑیوں کی سہولت کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پچھلی بار گراؤنڈ میں 10000 سے زائد تماشائی موجود تھے جو کہ بہت بڑی تعداد تھی۔ تاہم توقع ہے کہ اس بار تعداد میں اضافہ ہوگا۔اپریل 2022 میں حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ملک کے نوجوانوں کے لیے کئی اقدامات کیے گئے ہیں اور ضلعی سطح پر ملک بھر میں 250 منی اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر پی ایم یوتھ انیشیٹوز کا ایک حصہ ہے جو گزشتہ سال اکتوبر میں شروع کیا گیا تھا۔