اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان اقتدار میں رہ کر اور اقتدار سے باہر اپنے اعمالوں اور حرکتوں سے ہمیشہ ملک کی بدنامی کا باعث بنے، انہوں نے سعودی عرب کی دی ہوئی گھڑی فروخت کی، سائفر کا جھوٹ بولا، قومی اداروں اور شہداکی یادگاروں پر حملے کرائے اور ملک کی بدنامی کے مرتکب ہوئے، سانحہ 9 مئی کے جرم کی مذمت کافی نہیں، عمران خان اعتراف جرم کریں اور ذمہ داری قبول کریں، مذمت سے نہ 9 مئی کا جرم چھپ سکتا ہے اور نہ ہی مجرم۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعے کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان تسلیم کرو کہ 9 مئی کی کھلی دہشت گردی اور شہداکی یادگاروں کی بے حرمتی کے پیچھے تم ماسٹر مائنڈ تھے اور تم نے منصوبہ بندی کی۔ ہسپتال، سکول، مساجد، ایمبولینس اور کور کمانڈر کا گھر جلانے کی منصوبہ بندی تم نے کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان مذمت نہ کریں، دہشت گردی کے مرکز زمان پارک میں چھپے دہشت گرد قانون کے حوالے کریں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس پر پٹرول بم، گولیاں اور پتھر برسانے والا صرف مذمت کر کے جان نہیں چھڑا سکتا، ریاست پر حملہ کرنے والوں کو سزا دینا دنیا میں کہیں بھی کسی انسانی حق کی خلاف ورزی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال، سکول اور مریضوں پر حملے کر کے ایمبولینس جلانا انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہیں، ان کارروائیوں میں ملوث وحشیوں کو سزا دینا انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ فاشسٹ کے ہاتھوں بہو، بیٹیوں اور بہنوں کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی تھی، طیبہ گل کو اغواکر کے وزیراعظم ہائوس میں رکھنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی تھی، صحافیوں کو سچ بولنے پر قید کرنا، گولیاں مارنا، اغواکرنا، ان کی پسلیاں اور ناک کی ہڈیاں توڑنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی تھی، ہزارہ برادری کے مظلوم شہداکے لواحقین کو ”جنازوں سے بلیک میل نہیں ہوں گا“ کہنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی تھی