لاہور۔19مئی (اے پی پی):چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ نے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب لاہور میں اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن،، نثار احمد درانی، بابر حسن بھروانہ، جسٹس(ر)اکرام اللہ خان، سیکرٹری الیکشن کمیشن عمرحمید، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق اجلاس میں صوبہ پنجاب میں انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے الیکشن کمیشن کو انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ صوبہ پنجاب میں قومی اسمبلی کے 144 جبکہ صوبائی اسمبلی کے 297 حلقے ہیں جن میں انتخابات کے انعقاد کیلئے 41ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور 441 ریٹرننگ افسران تعینات کئے جائیں گے۔ اس سلسلے میں غیر جانبدارسرکاری افسران کی تعیناتی یقینی بنائی جائے گی۔صوبہ پنجاب میں تمام ضلعی الیکشن کمشنر ز نے عام انتخابات کیلئے تجویز کردہ 53ہزار 300 پولنگ اسٹیشنزکی تصدیق مکمل کر لی ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے آگاہ کیا کہ اس ضمن میں الیکشن میٹریل اورپولنگ سٹا ف کی تربیت پر کام تسلی بخش طریقے سے جاری ہے۔ ضمنی انتخابات کے حوالے سے کمیشن کو بریف کیا گیا کہ این اے 108فیصل آباد اور این اے 118ننکانہ صاحب میں نظر ثانی شدہ شیڈول کے مطابق 28مئی کو پولنگ کا انعقاد کیا جائیگا۔ ریٹرننگ افسران کی طرف سے امیدواران کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ این اے 108فیصل آباد میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 5لاکھ 11ہزار 587ہے جبکہ مذکورہ حلقے میں کل 354پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔این اے 118 ننکانہ صاحب کی حتمی پولنگ سکیم کے مطابق حلقہ میں کل 4لاکھ 43ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے، جبکہ حلقے میں 326 پولنگ اسٹیشنزقائم کئے جائیں گے۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ پولنگ کے دن کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں اورمتعلقہ سکیورٹی اداروں کے تعاون سے صاف شفاف اور پر امن انتخاب کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔ صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے آگاہ کیا کہ بلدیاتی نمائندوں کی مدت 31 دسمبر 2021 ء کو ختم ہوگئی تھی۔
حال ہی میں پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022کے تحت 12فروری 2023 کو بلدیاتی حلقہ بندیاں مکمل کر دی گئی ہیں۔جن کے مطابق 40اضلاع میں 4,275 یونین کونسلز تشکیل دی گئی ہیں۔ حالیہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022کے تحت 11میٹروپولیٹن کارپوریشنز اور 39ڈسٹرکٹ کونسل تشکیل دی گئی ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکٹورل گروپس کی رجسٹریشن کیلئے، مجاز افسران کی تعیناتی اور اپیلوں پر سماعت کیلئے افسران کی تعیناتی کی تجویز الیکشن کمیشن کو بھیج دی گئی ہے۔
اور الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق الیکٹورل گروپس کی رجسٹریشن شروع کر دی جائے گی۔ اس پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے آئینی اور قانونی فرائض ادا کر تے ہوئے لوکل گورنمنٹ الیکشن کا انعقاد یقینی بنائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ہدایات دیں کہ انتخابات کی تمام تیاریاں مقرر ہ وقت پر مکمل کرنے کو یقینی بنایا جائے۔