عدالتی رٹ کو کوئی شکست نہیں دے سکتا، عدالت جو بھی حکم آئین و قانون کے مطابق دیتی ہے ہم احترام کرتے ہیں، اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان کی میڈیا سے گفتگو

95
صدر فیصل آباد چیمبر

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان نے کہا ہے کہ عدالتی رٹ کو کوئی شکست نہیں دے سکتا، عدالت جو بھی حکم آئین و قانون کے مطابق دیتی ہے ہم احترام کرتے ہیں۔ اٹارنی جنرل پاکستان نے جمعہ کو یہاں اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کی جانب سے گرفتاریاں صوبائی معاملہ ہے، پنجاب حکومت نے تھری ایم پی او کے تحت آرڈرز جاری کئے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے آرڈرز کی قانونی حیثیت کا جائزہ عدالت نے لینا ہے، ضابطہ فوجداری اور پولیس رولز کے تحت ایسے مقدمات میں وفاقی پولیس ملزم تک رسائی دینے کی پابند ہے۔ منصور عثمان اعوان نے مزید کہا کہ ایم پی او کے آرڈرز کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے، اس پر زیادہ بات کرنا مناسب نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مذاکرات کی بہت کوشش کی گئی تھی، پی ٹی آئی کو بہت کوشش کے بعد مذاکرات کی میز پر لائے تھے تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات ختم کیے گئے، اس حوالہ سے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم مذاکرات جاری رکھنا چاہتے ہیں کیونکہ مذاکرات کے دوران بہت سی باتوں پر اتفاق ہو گیا تھا۔