وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت ٹاسک فورس برائے افرادی وسائل اور سکلز ڈویلپمنٹ کا پہلا اجلاس

122
ای کامرس میں ہنر یافتہ نوجوان معاشی خود انحصاری حاصل کر کے ملک کی ترقی میں معاون کردار ادا کر سکتے ہیں، پروفیسر احسن اقبال
ای کامرس میں ہنر یافتہ نوجوان معاشی خود انحصاری حاصل کر کے ملک کی ترقی میں معاون کردار ادا کر سکتے ہیں، پروفیسر احسن اقبال

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور چوتھے صنعتی انقلاب نے افرادی قوت کے لئے نئے چیلنجز پیدا کئے ہیں ، جدید ٹیکنالوجی میں تربیت اور پیشہ وارانہ مہارت حاصل کر کے ہی مستقبل کے چیلنجز کا سامنا کیا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ٹاسک فورس برائے افرادی وسائل اور سکلز ڈویلپمنٹ کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزارت تعلیم ، وزارت اوور سیز پاکستانیز ، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ افرادی وسائل کی ترقی سے ہمارا مستقبل مشروط ہے ، جدید ٹیکنالوجی اور چوتھے صنعتی انقلاب نے افرادی قوت کے لئے نئے چیلنجز پیدا کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور روبوٹس نے کام کی نوعیت کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے ، 10 برسوں میں جدید ٹیکنالوجی سے ایک چوتھائی سے زیادہ روزگار متاثر ہونے کا اندیشہ ہے ، جدید ٹیکنالوجی میں تربیت اور پیشہ وارانہ مہارت حاصل کر کے ہی مستقبل کے چیلنجز کا سامنا کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں افرادی قوت کی مانگ کے مواقع سے فائدہ اٹھانا ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستان کی نوجوان آبادی کی استعداد اور صلاحیت کا بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے روڈ میپ تیار کیا جائے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹاسک فورس کی ذیلی کمیٹیاں قائم کی جائیں جو افرادی وسائل کو جدید تقاضوں کے تحت بروئے کار لانے کے لئے حتمی سفارشات مرتب کریں ۔ انہوں نے کہا کہ افرادی قوت کی استعداد اور معیار کو بڑھانے کے لئے صوبے اپنا کردار ادا کریں ، نوجوانوں کی سکلز کو بین الاقوامی مارکیٹس کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لئے مربوط لائحہ عمل تخلیق کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی مسائل کا حل برآمدات کے شعبہ کو ترقی سے منسلک کرنے میں ہے ، زراعت، افرادی قوت، معدنیات ، آئی ٹی اور مینوفیکچرنگ کے شعبہ جات میں برآمدات بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے ۔