سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے مارگیٹ ایریا زرغون میں قائم سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گرد حملہ کو ناکام بنا دیا

148
آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر

راولپنڈی۔20مئی (اے پی پی):سیکورٹی فورسز نےبلوچستان کے مارگیٹ ایریا زرغون میں قائم سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گردوں کے حملہ کو ناکام بنا دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق 20 مئی 2023 کو علی الصبح دہشت گردوں کے ایک گروپ نے بلوچستان کے مارگیٹ ایریا زرغون میں قائم سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا۔ یہ پوسٹ حال ہی میں علاقے میں کوئلے کی کانوں کو نشانہ بنا کر بھتہ خوری کی کوششوں کو روکنے میں مدد کے لیے قائم کی گئی تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی پوسٹ پر موجود فوجیوں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پیچھے دھکیل دیا تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں تین فوجیوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ ایک دہشت گرد کو سیکورٹی فورسز نے جہنم واصل کر دیا۔آئی ایس آر کی کوششوں پر مبنی فا لو اپ کے تحت قریبی پہاڑوں میں ممکنہ طور پر فرار ہونے والے دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کی گئی ہے اور بلاکنگ اور سینیٹائزیشن آپریشن شروع کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آپریشن موثر انداز سے آگے بڑھ رہا ہے اور سیکورٹی فورسز علاقے سے دہشت گردوں کے فرار کو روکنےکے لیے دباؤ برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔