نومئی کو کوئی عوامی ردعمل نہیں دیکھا ، چند سو افراد سامنے نہیں آئے ،مسلح جتھے سامنے آئے جنہوں نے جلائو گھیراؤ کیا،وفاقی وزیرتوانائی

110

گوجرانوالہ۔ 20 مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرتوانائی خرم دستگیرخان نے کہا ہے کہ جن لوگوں کے استعفے منظور ہو ئے وہ واپس لینے کی آئین میں کوئی شق موجود نہیں ،ملک میں کوئی نیاقانون،نیاضابطہ یانئی عدالت نہیں بنائی جارہی ،عمران خان نے امریکا میں لابنگ کیلئے کمپنیاں ہائر کر رکھی ہیں، زلمے خلیل زاد کے ٹویٹ سامنے ہیں ،ایران سے گوادر کوبجلی کی سپلائی چار ماہ کی قلیل مدت میں ترسیلی لائن مکمل کرنے سے ممکن ہوئی ،سابق حکومت نے اس پرمجرمانہ غفلت کامظاہرہ کیا،شہبازشریف دورحکومت میں 3ہزار800میگاواٹ سستی بجلی سسٹم میں شامل کی گئی۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گیپکو آفس میں پر یس کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر کی بجلی کا مسئلہ حل کر دیا ہے ،وزیر اعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر نے ٹرانسمیشن لائن کا افتتاح کیا ہےجس سے ایران تاگوادر بجلی کی سپلائی شروع ہو گئی ہے، سو میگا واٹ کی ٹرانسمیشن پر دو ارب کی لاگت آئی ہے۔حکومت نے مشکل ترین حالات میں چار ماہ کی قلیل مدت میں ٹرانسمیشن لائن مکمل کی ہے، سابق حکومت نے اس منصوبے پر مجرمانہ غفلت کامظاہرہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں تین ہزار آٹھ سو میگاواٹ سستی بجلی سسٹم میں شامل کی گئی ہے، پاکستان کی ترقی کا سفر جو سابق حکومت کے دور میں روکا گیا وہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے ۔

تھر سے مٹیاری تک دو سو 20کلو میٹر لائن ساڑھے تین ماہ میں بچھائی گئی ہے چند روز میں اس لائن کا افتتاح بھی ہو جائیگا۔ انہوں نے گزشتہ کچھ عرصہ میں پاکستان بنانے اور جلانے والوں میں فرق وا ضح ہو گیا ہے9اور 10مئی کو کوئی عوامی ردعمل نہیں دیکھا چند سو افراد سے زائد افراد سامنے نہیں آئے ،مسلح جتھے سامنے آئے جنہوں نے جلائو گھیرائو کیا، گرفتار نیب نے کیا اور حملے آرمی تنصیبات پر ہو ئے، میانوالی میں جہاز جلتے ہو ئے دیکھا، شہدا کی تصویروں پر پتھر مارے گئے اس طرح کی ٹارگٹنگ عوامی ردعمل نہیں تھا نہ ہی یہ حادثہ ہے۔2014میں یہی لوگ پی ٹی وی پر قابض ہوئے ،9مئی کو ریڈیو پاکستان پشاور جلایا گیا ۔

وفاقی وزیرتوانائی کاکہناتھاکہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے شواہد کی بنا پر ان بلوائیوں کے خلاف کارروائی ہو گی، بلوائیوں کو سیاسی اختلافات کی آڑ میں آگ لگانے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ لاہور ہائیکورٹ نوٹیفکیشن معطل کر سکتی ہے، سپیکر کو ہدایت نہیں دے سکتی سپیکر قومی اسمبلی اس پر فیصلہ کریں گے جن لوگوں کے استعفے منظور ہو ئے وہ واپس لینے کی کوئی شق آئین میں موجود نہیں، کوئی نیا قانون کوئی نیا ضابطہ یا نئی عدالت نہیں بنائی جا رہی، افواج پاکستان میں آرمی ایکٹ کے ذریعے جج ایڈوکیٹ جنرل کا جو نظام ہے وہی قائم رہیگا ۔انہوں نے کہا کہ اس سال کے آخر میں صاف شفاف انتخابات سے عوامی حکومت آئیگی جبکہ عام انتخابات سے قبل ن لیگ کی انتخابی مہم نوازشریف چلائیں گے۔

وفاقی وزیرکاکہناتھاکہ مستقبل کا فیصلہ عمران خان اور ان کی جماعت نے کرنا ہے۔وفاقی وزیرتوانائی خرم دستگیرخان نے کہاکہ عمران خان نے امریکا میں لابنگ کیلئے کمپنیاں ہائر کر رکھی ہیں ،زلمے خلیل زاد کا ٹویٹ سامنے ہے حکومت اور پوری قوم کو بلیک میل کرنے کیلئے عمران خان نے متعدد بار کہا کہ نیوکلیئر ملک میں اس طرح کی خرابی ہو گی تو کیا ہوگا، پشاور سے کراچی تک اگر ایک سیاسی جماعت بلوا کرےگی تو یہ کہا جائیگا کہ اس ملک کے نیو کلیئر ہتھیار محفوظ نہیں ہیں، سیاست میں تشدد نہیں ہو گا جو کریگا وہ پھر سیاست نہیں کریگا۔