افغانستان میں کرکٹ کی بہتری اورفروغ کے لیے مکمل تعاون فراہم کریں گے، پاکستانی سفیرکی افغان قومی کرکٹ ٹیم کے ارکان سے ملاقات میں گفتگو

164
افغانستان میں کرکٹ کی بہتری اورفروغ کے لیے مکمل تعاون فراہم کریں گے، پاکستانی سفیرکی افغان قومی کرکٹ ٹیم کے ارکان سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):افغانستان میں پاکستان کے سفیر عبید الرحمان نظامانی نے افغانستان میں کرکٹ کی بہتری اورفروغ کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔کابل میں پاکستانی سفارت خانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے سفیر نے گزشتہ روز افغان قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوںکا اپنی رہائش گاہ پر استقبال کیا۔ اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفیرنے کہاکہ افغان کرکٹ ٹیم وہ ناقابل یقین حد تک باصلاحیت ہے اور ان کی میزبانی پرانہیں خوشی ہوئی ہے،

اس موقع پر دونوں برادر ممالک کے درمیان کرکٹ کے شعبہ میں تعلقات کو مضبوط کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان کے سفیرنے افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے آمدہ دوروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کرکٹ کے لیے ان کی کوششوں، لگن، جذبے اور عزم کو بھی سراہا۔

اس موقع پرانہوں نے افغان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین میرویس اشرف کو خطاطی کی پینٹنگ بھی پیش کی۔ افغان کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ اور کھلاڑی بشمول سی ای او نصیب خان، افغان ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شہیدی، ایچ پی سی کے کوچ عمران فرحت، رانا نوید الحسن اور سفارتخانے کے دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔سفیرنے بعدازاں اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ ناقابل یقین حد تک باصلاحیت افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم کی میزبانی کر کے بہت خوش ہیں۔انہوں نے کہاکہ افغان ٹیم اورکرکٹ حکام کے ساتھ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال بھی کیا ۔