ملک میں بجلی کی پیداوارمیں جاری مالی سال کے پہلے 10ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 9.7فیصد کمی

52
Arif Habib Research and Industry
Arif Habib Research and Industry

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):ملک میں بجلی کی پیداوارمیں جاری مالی سال کے پہلے 10ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 9.7فیصد کی کمی ریکار ڈ کی گئی ہے۔ نیپرا اور عارف حبیب ریسرچ کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 103592گیگاواٹ آوورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 9.7فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران ملک میں 114660گیگاواٹ آوورزبجلی کی پیداوار حاصل ہوئی تھی۔ اپریل میں ملک میں 10010گیگاواٹ آوورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی ہے جو مارچ کے مقابلے میں 14.5فیصد زیادہ اور گزشتہ سال اپریل کے مقابلے میں 22.8فیصد کم ہے۔مارچ میں 8741گیگاواٹ آوورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی تھی جبکہ گزشتہ سال اپریل میں 12ہزار960گیگاواٹ آوورز بجلی حاصل ہوئی تھی۔

اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10ماہ میں آر ایل این جی سے 16ہزارا656،نیوکلیئر20 ہزار655، پن بجلی 28ہزار809،کوئلہ 16ہزار254، گیس 12 ہزار39،سولر844، ہوا سے 2ہزار891، فرنس آئل سے 4ہزار19 اورہائی سپیڈ ڈیزل سے 206گیگاواٹ آوورزبجلی کی پیداوار حاصل ہوئی۔

اعدادوشمار کے مطابق ایندھن کی لاگت میں جاری مالی سال کے پہلے10ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 12.8فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے، جولائی سے اپریل تک کی مدت میں بجلی کی فی کلوواٹ آوورز لاگت 9.25روپے ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 8.20روپے فی کلوواٹ آوورز تھی۔

اعدادوشمارکے مطابق بجلی کی مجموعی قومی پیداوارمیں آر ایل این جی کا تناسب 16.1فیصد،نیوکلیئر19.9فیصد، ہائیڈل27.8فیصد،کوئلہ15.7فیصد، گیس 11.6فیصد،سولر1.3فیصد،ہوا2.8فیصداور فرنس آئل کا حصہ3.9فیصد ریکارڈ کیا گیا۔