دبئی۔23مئی (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویسٹ انڈیز کے کرکٹر ڈیون تھامس کو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کے الزام میں معطل کردیا گیا ہے۔ تھامس پر آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت سات الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ آئی سی سی کے مطابق ڈیوس تھامس پر الزام ہے کہ وہ لنکا پریمیئر لیگ، ابوظبی ٹی10 اور کیریبین پریمیئر لیگ میں مبینہ طور پر میچ فکسنگ میں ملوث پائے گئے۔
متحدہ عرب امارات کے خلاف دبئی میں آئندہ تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے لئے ویسٹ انڈین سکواڈ میں شامل تھامس کو اپنا جواب جمع کرانے کیلئے 14 دن کی مہلت دی گئی ہے۔ آئی سی سی کے مطابق تھامس نے تینوں ٹورنامنٹس میں اینٹی کرپشن کوڈز کی خلاف ورزی کی۔
واضح رہے 33 سالہ ڈیون تھامس 21 ون ڈے اور 12 ٹی ٹونٹی میچز میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کر چکے ہیں جبکہ انہوں نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے واحد ٹیسٹ دسمبر 2022ء میں ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلاتھا۔