اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی): شہدا پاک فوج کے لواحقین نے کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنے شہیدوں کو نہیں بھولتی، اُن کو یاد رکھتی ہیں، اُن کو مثال بنا کے رکھتی ہیں، سینکڑوں آفیسر، سینکڑوں جوان روزانہ قربانیاں دے رہے ہیں۔یومِ تکریمِ شہداء کے حوالے سے پوری قوم کے نام اہم پیغام میں کیپٹن عارف شہید کے بھائی لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ ناصر نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہیدوں کو نہیں بھولتی، اُن کو یاد رکھتی ہیں، اُن کو مثال بنا کے رکھتی ہیں۔سینکڑوں آفیسر، سینکڑوں جوان روزانہ قربانیاں دے رہے ہیں۔
کسی بھی غیر ملکی کارروائی یا ایسی سوچ کو پنپنے نہیں دیں گے جو ہماری افواج اور عوام کے درمیان فاصلہ پیدا کریں اور وطن کی جڑوں کو کمزور کرے۔میجر راجہ ذیشان شہید کی اہلیہ نے پیغام دیا کہ”9مئی کو جو کچھ بھی ہوا، ہم اُس کی مذمت کرتے ہیں۔ ان شہدا ہی سے یہ پاکستان ہےاور ہم بھی انہی سے ہی ہیں“۔کیپٹن آکاش‘‘ کی والدہ نے دکھ بھرے لہجے میں کہا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے، کیا اس لئے میرے بیٹے آکاش نے اور دیگر شہدا نے اپنی قیمتی جانیں قربان کی ہیں۔
میجر عدیل شاہد شہید کے بھائی نے کہا کہ”یومِ تکریمِ شہداء پاکستان کے حوالے سے میں قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ تمام اسلامی ممالک میں ہماری پاکستانی افواج جو طاقتور ہیں،وہ اپنی لازوال قربانیوں کی وجہ سے ہیں۔یہ لازوال قربانیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ انہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے دُشمن کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوارکی طرح ڈٹ کر مقابلہ کیا کہ دشمن ہمارے گھروں تک نہ پہنچے اور ہمارے گھروں کو نہ اجاڑے لیکن انہوں نے اپنے ہی گھر اُجاڑ دیے۔اس پاک وطن کی مٹی میں ان شہیدوں کا خون شامل ہے۔
ہمیں اپنے شہدا پر فخر ہے‘‘۔ حوالدار محمد شہباز کی بیٹی کا کہنا ہے کہ’’میں 9مئی کے واقعہ کی مذمت کرنا چاہتی ہوں اور جو فوج کی بے حرمتی اور یاد گارِ شہدا اور اُن کی یادگاروں کو جلایا گیا، مجھے اس پر بے حد اور دلی افسوس ہے۔جن لوگوں نے یہ سب کچھ کیاانھیں لازمی سزا دینی چاہیے“۔