قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بجلی کے کئی پیداواری منصوبوں کی منظوری دے دی

149
قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بجلی کے کئی پیداواری منصوبوں کی منظوری دے دی

اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بجلی کے کئی پیداواری منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔ ایکنک کا اجلاس بدھ کو یہاں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، معاون خصوصی طارق باجوہ، سینیٹر نثار کھوڑو، وفاقی سیکرٹریز اور وفاقی و صوبائی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں 48 میگاواٹ شائونٹر ہائیڈرو پاور پراجیکٹ منصوبہ کی منظوری دی گئی جس پر 14 ہزار 985 ملین روپے کی لاگت آئے گی،

اس منصوبہ کیلئے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ 12 ہزار 736.90 ملین روپے کی معاونت فراہم کرے گا جبکہ حکومت آزاد کشمیر کل لاگت کا 15 فیصد ادا کرے گی۔ اجلاس میں گلگت بلتستان میں استور، گلگت، ہنزہ اور سکردو کے اضلاع میں گرڈ سٹیشز کی تعمیر کے منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی جس پر 17 ہزار 425.57 ملین روپے کی لاگت آئے گی جس میں 1824.02 ملین روپے کی غیر ملکی امداد بھی شامل ہے۔

اجلاس میں گلگت بلتستان کے علاقہ سکردو میں 26 میگاواٹ شغارتنگ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ منصوبہ کی بھی منظوری دی گئی جس پر 18 ہزار 374.44 ملین روپے کی لاگت آئے گی جس میں 4461.03 ملین روپے کی غیر ملکی امداد شامل ہے۔ ایکنک کے اجلاس میں خیبرپختونخوا رورل ایکسسبلیٹی پراجیکٹ کی منظوری بھی دی گئی جس پر 69 ہزار 400 ملین روپے کی لاگت آئے گی جس میں 67 ہزار 200 روپے عالمی بینک فراہم کرے گا، یہ قرضہ خیبرپختونخوا کی حکومت واپس کرے گی

، اس منصوبہ کے تحت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں مارکیٹوں تک رسائی بڑھائی جائے گی جبکہ صحت و تعلیم کی سہولیات کے علاوہ دیہی علاقوں میں 768 کلومیٹر سڑکیں بھی بنائی جائیں گی۔ ایکنک کے اجلاس میں حکومت پنجاب اور حکومت سندھ کی جانب سے گریٹر تھل کینال پراجیکٹ فیز ٹو پر پیشرفت کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔