پاکستان اور تھائی لینڈ کے مابین عوامی اور تجارتی سطح پر رابطوں کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی تھائی سفیر سے ملاقات میں گفتگو

116

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے مابین قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں جو کئی عشروں پر محیط ہیں،دونوں ملکوں کے درمیان عوامی اور تجارتی سطح پر رابطوں کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں تھائی لینڈ کے سفیرچکرید کراچائیونگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے مابین قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں جو کئی عشروں پر محیط ہیں۔پاکستان میں محفوظ کی گئی یادگاروں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرپا اور مضبوط تعلقات کوفروغ دیا ہے۔  تھائی لینڈ میں ہزاروں کی تعداد میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری،تعلیم، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا،پاکستان اور تھائی لینڈ کے مابین سرمایہ کاری کے مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان عوامی اور تجارتی سطح پر رابطوں کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ روابط بڑھنے سے تجارتی حجم میں مزید اضافہ ممکن ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول سازگار ہے، تھائی تاجروں کو بھی سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ملاقات میں تجارتی برادریوں کے درمیان وفود کے تبادلے پر زور دیتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے اسپیشل اکنامکس زونز بنائے جا رہے ہیں۔

ملاقات میں تھائی سفیر نے کہاکہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دو طرفہ تعلقات خوش آئند ہیں۔پاکستانیوں کی مہمان نوازی اور کلچر نے بہت متاثر کیا، تھائی کمپنیاں پاکستان میں زرعی اور فوڈ پراڈکٹس میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہیں۔ پاکستان اور تھائی لینڈ نے باہمی تعلقات کو مزید فعال بنانے پر اتفاق کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے تھائی لینڈ کے سفیر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔