دنیا پاکستانی نوجوانوں کی آئی ٹی میں مہارت کا برملا اعتراف کررہی ہے، وفاقی وزیر سید امین الحق

135

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ دنیا اب پاکستانی نوجوانوں کی انفارمیشن ٹیکنالوجی میں مہارت کا برملا اعتراف کررہی ہے،پاکستان کے بہترین آئی ٹی ماہرین، ٹائم زون اور انگریزی لب و لہجے، دنیا میں منفرد اہمیت رکھتے ہیں۔ وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے یہ بات مراکش میں جاری تین روزہ گلوبل انفارمیشن ٹیکنالوجی نمائش اور جائیٹکس افریقہ ڈیجیٹل سمٹ کے موقع پر مختلف عالمی وفود سے ملاقاتوں میں کی۔

ملاقاتوں میں پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی میں انقلابی اقدامات سمیت گلوبل چیلنجز پر گفتگو ہوئی۔ وفاقی وزیرآئی ٹی سید امین الحق نے مراکش میں جائیٹکس گلوبل نمائش کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے تین روزہ عالمی نمائش مراکش میں 31 مئی سے 2 جون تک جاری رہے گی، گلوبل انفارمیشن ٹیکنالوجی نمائش میں دنیا بھر سے400 سے زائد ٹیک کمپنیاں اور عالمی وفود شریک ہیں۔

وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کی قیادت میں پاکستانی وفد میں ممبر آئی ٹی سید جنید امام اور چیئرمین پاشا زوہیب خان شامل ہیں۔ جائیٹکس نمائش میں پہلی بار پاکستان سے 14 کمپنیاں، 10 اسٹارٹ اپس اور 200 سے زائد آئی ٹی ماہرین شریک ہیں۔وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے نمائش میں پاکستانی پویلین کا افتتاح بھی کیا۔

وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کی سیکریٹری جنرل، ڈیجیٹل تعاون تنظیم دیمہ الیحی سے دو طرفہ معاملات پراہم ملاقات ہوئی، سید امین الحق کی ہواوے افریقہ کے صدرکولن ہو سے بھی ملاقات ہوئی اور بعدازاں ہواوے پویلین کا دورہ بھی کیا ۔ دبئی چیمبر آف ڈیجیٹل اکانومی کے نائب صدر سعید الغرغوی سے ملاقات کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پرگفتگو ہوئی۔ مراکش کے سابق وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹرانسپورٹ رباہ عزیز نے پاکستانی پویلین کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق سے نائیجیریا کے صوبے لاگوس کے گورنر باباجید سنوہ اولو نے بھی ملاقات کی۔