اسلام آباد۔1جون (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو غذائی لحاظ سے خود کفیل بنانے کیلئے زراعت میں جدت لانے کیلئے اقدامات یقینی بنا رہے ہیں، حکومت آئندہ بجٹ میں معیاری بیج، ٹیوب ویلز کی سولرآئزیشن اور مشینری کی فراہمی کیلئے وسائل مختص کر رہی ہے۔
جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیرِ قومی غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ طارق بشیر چیمہ نے وزیرِاعظم کو کسان پیکیج پر پیشرفت اور آئندہ فصلوں کے حوالے سے وزارت کی منصوبہ بندی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے وزارت کے آئندہ مالی سال میں زرعی شعبے میں جدت اور میکنائیزیشن کے لائحہ عمل کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔
ملاقات کےد وران ر وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو غذائی لحاظ سے خود کفیل بنانے کیلئے زراعت میں جدت لانے کیلئے اقدامات یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کماد، کپاس اور گندم کی بہترین امدادی قیمت سے کسانوں کو ان کی محنت کا معاضہ یقینی بنایا، حکومت آئندہ بجٹ میں معیاری بیج، ٹیوب ویلز کی سولرآئیزیشن اور مشینری کی فراہمی کیلئے وسائل مختص کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت زرعی پیداوار کی ویلیو ایڈیشن کیلئے کسانوں کے ساتھ مل کر اس شعبے میں سرمایہ کرے گی۔