عمران خان نے پرتشدد مظاہروں اور حساس تنصیبات پر حملوں پر کئی بار موقف تبدیل کیا ہے، سینیٹر شیری رحمان

134
عمران خان نے پرتشدد مظاہروں اور حساس تنصیبات پر حملوں پر کئی بار موقف تبدیل کیا ہے، سینیٹر شیری رحمان

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان نے پرتشدد مظاہروں اور حساس تنصیبات پر حملوں پر کئی بار موقف تبدیل کیا ہے، ابھی تک 9 مئی کے بدترین حملوں کا دفاع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کا یہ رویہ ملک کو کسی نئے سانحے سے دوچار کرےگا۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا دفاع کرنا ان حملوں میں حصہ دار ہونے کے مترادف ہے۔

عمران خان کو ان شرمناک واقعات پر ملک و قوم سے معافی مانگنی چاہئے تھی لیکن افسوس ہے وہ آج تک 9 مئی کا دفاع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان 60 ارب روپے کے اوپن اینڈ شٹ کیس میں گرفتار ہوئے تھے کسی فرضی مقدمے میں نہیں۔ شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان خود کو ملک کی "ریڈ لائن” سمجھنا بند کریں، قوم کی ریڈ لائن پاکستان اور قانون ہے عمران خان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک میں پر تشدد، انتشار اور تقسیم کی سیاست کی کوئی جگہ نہیں ہے۔